افغانستان سے پھراشتعال انگیزی،سکیورٹی فورسزکاجوابی وار،متعددطالبان ہلاک

خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس پر سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے متعدد افغان طالبان اہلکاروں کو ہلاک اور بیس کیمپ کو تباہ کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق تائدہ سیکٹر، اپر کرم اور غوزگڑھی میں افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے خارجی دہشت گردوں کو سرحد پار کرانےکے لیے بلااشتعال فائرنگ کی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ پاک فوج نے افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ غوز گڑھی سرحد پر افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکار ہلاک ہونےکی اطلاعات ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اپرکرم سیکٹر میں پاک فوج نے افغان طالبان کی ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں شپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہونےکی اطلاع ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں طالبان اہلکاروں نے سرحدی پوسٹ خالی کردی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپر کرم سیکٹر میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہاکہ تائدہ اور غوز گڑھی میں دشمن کو دندان شکن جواب دینا پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
ان کا کہناتھاکہ افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج کا کرارا اور بھرپور جواب قابلِ فخر ہے۔
