لکی مروت میں آپریشن، کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک

سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران لکی مروت میں کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ خوارجی زاہد گل ہلاک ہوگیا۔
سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کےمطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق خوارجی گل بہادر گروپ سے تھا اور وہ پرانی کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا۔
سی ٹی ڈی کےمطابق زاہد گل دہشت گردی کےمتعدد سنگین واقعات میں سکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔
زاہد گل نے حملےمیں استعمال ہونےوالی بارود سے بھری خودکش گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی۔وہ بلی تنگ بینک ڈکیتی میں بھی ملوث تھا،جس میں 60 لاکھ روپے لوٹےگئے تھے۔ڈکیتی کی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں بنوں کی دہشت گرد تشکیلوں میں تقسیم کی گئی تھی۔
سی ٹی ڈی کےمطابق ہلاک دہشت گرد کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا۔دو ماہ قبل وہ نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کےلیے بھی ایک خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم یہ حملہ ناکام بنادیا گیا۔
سی ٹی ڈی کےمطابق زاہد گل کے اگلے اہداف میں کوہاٹ میں پاک فضائیہ کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ سکول شامل تھے، جب کہ دہشت گرد تشکیل کے دیگر کارندے پہلے ہی سکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔
