حوثیوں کایمنی فورسزکےکیمپ پرحملہ،50سےزائدہلاکتوں کادعویٰ کردیا

یمن کے صوبے شبوا میں حوثی جنگجوؤں کے تین بیلسٹک میزائل حملوں میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے حملے میں سرکاری فورسز کے تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حملے کا نشانہ شبوا میں واقع العلم فوجی کیمپ بنا، جہاں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرنے والی فورسز تعینات ہیں۔

یمنی فوج کے ترجمان ماجد النزیلی نے تصدیق کی کہ حوثیوں نے مرکزی ٹریننگ کیمپ میں 3 بیلسٹک میزائل داغے تھے جہاں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ابتدائی اطلاعات میں 30 سے زائد ہلاکتوں اور 70 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی تاہم بعد ازاں حکام نے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 50 اور زخمیوں کی تعداد 100 سے زیادہ بتائی۔

بعض دیگر ذرائع نے اس سے زیادہ جانی نقصان کی اطلاع بھی دی ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق بڑی تعداد میں زخمی ہونے والوں کے باعث مقامی اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا جبکہ شدید زخمیوں کو دوسرے صوبوں کے طبی مراکز منتقل کرنا پڑا۔

 

یمنی فوج کے ایک ذریعے نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ حملہ حوثیوں کی ممکنہ زمینی کارروائی کا پیش خیمہ بن سکتا ہے جیسا کہ ماضی میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہی شہر المخا میں ہوا تھا۔

Back to top button