بھارت: آنکھ پر دانت نکلنے کا نایاب واقعہ

بھارت میں ایک انتہائی نایاب طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک 16 سالہ لڑکے کی بائیں آنکھ کے اوپری حصے میں دانت نکل آئے۔ طبی ماہرین نے اس کیس کو اپنی نوعیت کا پہلا معلوم واقعہ قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکا بائیں آنکھ کے اوپر درد کے بغیر سوجن کی شکایت لے کر ہسپتال پہنچا۔ کچھ عرصے بعد اس کی بھنوؤں اور پلک کے درمیان جلد سے دو سخت اور سفید نوکیں باہر نکلنے لگیں۔
ڈاکٹروں نے طبی معائنے اور سی ٹی سکین کے بعد تصدیق کی کہ آنکھ کے خانے کے بالائی حصے میں مکمل دانت موجود تھے۔
طبی اصطلاح میں اس کیفیت کو ایکٹوپک ٹوتھ کہا جاتا ہے، جس میں دانت منہ کے بجائے جسم کے کسی غیر معمولی حصے میں نشوونما پاتے ہیں۔ ماضی میں ناک اور تالو میں دانت نکلنے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں لیکن آنکھ کے خانے میں دانتوں کی موجودگی کا یہ پہلا معلوم کیس بتایا جا رہا ہے۔
