ملک بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 7 ہوگئی

پاکستان میں رواں سال پولیو کا 7واں کیس سامنے آگیاہے ، کراچی کے ضلع شرقی کی یونین کونسل جمالی کالونی سے تعلق رکھنے والے 6 ماہ کے بچے میں وائلڈ پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق متاثرہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق اسلام آباد میں قومی ادارہ صحت کی پولیو کے خاتمے کے لیے قائم علاقائی ریفرنس لیبارٹری نے کی۔ بچے کو غذائی قلت کا سامنا تھا اور وہ کراچی میں پہلے سے موجود وائرس کی گردش کے باعث بیماری کا شکار ہوا۔

پولیو پروگرام کے ایک عہدیدار کے مطابق کراچی میں دسمبر 2024 کے بعد پولیو کا یہ پہلا کیس ہے۔ شہر میں گزشتہ 2 سال کے دوران وائرس کی شدید گردش دیکھی گئی، تاہم گھر گھر ویکسینیشن مہم اور معمول کی حفاظتی ویکسینیشن میں بہتری کے باعث وائرس کی منتقلی میں نمایاں کمی آئی تھی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ستمبر میں کراچی کے صرف ایک ماحولیاتی نگرانی کے مقام سے پولیو وائرس کا نمونہ مثبت آیا تھا، تاہم وائرس کی موجودگی برقرار رہنے کے باعث غیر محفوظ بچوں کو اب بھی خطرہ لاحق ہے۔

 

Back to top button