مزدوروں کا عالمی دن : صدر مملکت اور وزیر اعظم کا محنت کشوں کو خراج تحسین

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مزدوروں کا دن آج منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے تاہم مہنگائی، بے روزگاری اور کم اجرت کی چکی میں پسے ہوئے مزدور آج بھی دیہاڑی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں ۔
مزدوروں کے عالمی دن کےموقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پروفائل سےمستفید ہو رہا ہے۔
مزدوروں کے عالمی دن کےموقع پر وزیر اعظم کا پیغام
اس دن کی مناسبت سےوزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام دیتے ہوئے کہاکہ مز دوروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کی ہیں، پہلی بار پاکستان میں مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پروفائل سے مستفید ہو رہا ہے،ملک میں روزگارکے حصول کے ماحول کو محفوظ اور صحت مند جگہوں میں تبدیل کرنے کو یقینی بنا رہا ہے۔
صدرمملکت کا ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کو خراج تحسین
اس موقع پرصدرمملکت آصف علی زرداری نے بھی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
بنوں : دہشتگردوں سے مقابلے میں 3 سی ٹی ڈی اہلکار شہید، 2حملہ آور ہلاک
انہوں نےاپنے پیغام میں کہا کہ بدلتی جاب مارکیٹ کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے کارکنوں اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اس کےعلاوہ صدر پاکستان نے منصفانہ لیبر ماحول تشکیل دینے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام پر بھی زور دیا۔
ادھر گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے بھی کہا کہ ہماری زندگی آسان بنا نے والے ہاتھوں کو سلام ہے ، ہر مزدور قابلِ فخر ہے۔
محنت کش کےحقوق کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہیں: چیئرمین این آئی آر سی
دوسری جانب چیئرمین این آئی آرسی شوکت عزیز صدیقی نےکہا کہ محنت کش کے حقوق کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہیں، محنت کش طبقے کا قومی ترقی میں اہم کردار ہے، این آئی آر سی کا بنیادی مقصد ملک میں صنعت کا پہیہ رواں رکھنا ہے، صنعت چلتی رہے گی تو مزدور کا چولہا جلتا رہے گا۔