ٹرمپ کی دھمکیوں پر ایرانی صدر کا منہ توڑ جواب

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا اور کسی بھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔
سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے ٹرمپ کی بیان بازی پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا امریکا اپنے فوجی مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ایران کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، وہ بتائیں کہ انہیں اب تک کیا حاصل ہوا۔ ایرانی صدر نے زور دے کر کہا کہ ایران اپنے عملی اقدامات کے ذریعے اپنی سرزمین کے ہر حصے کا دفاع کرے گا اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا کہ دشمن تمام مفاہمتی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باقاعدہ جنگ میں داخل ہو چکا ہے، اس لیے اب سابقہ مفاہمتی یادداشت عملاً غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ادھر ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز کی سلامتی اور پائیدار ترقی سے متعلق اسٹریٹجک ایکشن پلان بھی منظور کر لیا ہے، جسے خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
