سہیل آفریدی عوام کیلئےکچھ نہیں کرسکتےتوگھرچلےجائیں،عطاتارڑ

وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ  کا کہنا ہے خیبرپختونخواکی حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتی تو پھرسہیل آفریدی گھر چلے جائیں۔

کوہاٹ میں میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے سوال کیاکہ صوبائی حکومت جواب دے کہ لا اینڈ آرڈر اور ترقیاتی کاموں کا پیسہ کہاں گیا؟پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت انسداد دہشتگردی کےلیے وسائل کی کمی کا رونا روتی ہے لیکن مسئلہ فنڈ نہیں نیت کا ہے۔

وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ  نے کہا پی ٹی آئی والے فنڈز کی بات کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، انہوں نے اپنے تمام من پسند افراد کو ٹھیکے دیے ہوئے ہیں، مائننگ کے جتنے ٹھیکے ملے ہیں کن کو دیے ہیں، آپ خیبر پختونخوا میں لوگوں کے لیے ترقی کا کام کریں، سارا فنڈ ان کی سیاسی جماعت کھا جاتی ہے،  پی ٹی آئی والوں کو ساڑھے 12 سالوں کا جواب دینا ہوگا۔

عطاتارڑ نے کہا سہیل آفریدی اگرکچھ نہیں کر سکتے تو گھر چلے جائیں، اگر یہ کچھ نہیں کرسکتے تو کرسی سے اتر کیوں نہیں جاتے۔

عطا تارڑ نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو چاہیے تھا کہ وہ یہاں آتے اور زخمیوں کو گلے لگاتے لیکن وہ ہیلی کاپٹر  پر 15 منٹ کے لیے آئے، چکر لگایا اور  چلے گئے، وزیر اعلیٰ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کےلیے لاہور گئے، ان کے پاس انتشار کے لیے وقت ہے لیکن صوبے کے عوام کےلیے نہیں۔

وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ  نے واضح کیا کہ کسی کو اسلام آباد کی طرف نہیں آنے دیں گے، پی ٹی آئی کو تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پی ٹی آئی نے کبھی پر امن احتجاج نہیں کیا، پی ٹی آئی والوں کا جلاؤ ،گھیراؤ کا احتجاج ہے، یہ کبھی پر امن نہیں رہے، دعویٰ کیا کہ یہ احتجاج کے دوران خواتین کو ہراساں کرتے ہیں، پولیس اہلکاروں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا بات چیت کی کتنی بار کوشش کی گئی، 6 بار وزیر اعظم نے خود کہا، پی ٹی آئی والے بات چیت کرنے والے لوگ نہیں، یہ احتجاج کررہےہیں اس میں تاجروں،کسانوں اور دیگر لوگوں کا کیا قصور ہے؟ پی ٹی آئی والوں سے بات چیت کی سنجیدہ کوششیں کی گئیں لیکن یہ سنجیدہ لوگ نہیں ہیں، اگر پی ٹی آئی والوں کو بات چیت کرنی ہوتی تو بہت پہلے کر چکے ہوتے۔

 

Back to top button