پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہونے کا امکان، نئے نظام پر غور شروع

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت قیمتوں کے تعین میں حکومت کا کردار محدود جبکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا اختیار مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت اوگرا ہر رات پیٹرول (موٹر اسپرٹ)، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گا۔ یہ قیمتیں روزانہ رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مجوزہ طریقہ کار کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی روزانہ کی تبدیلیوں کو مقامی مارکیٹ میں زیادہ تیزی سے منتقل کرنا ہے، تاکہ قیمتوں کے تعین کا عمل زیادہ مؤثر اور مارکیٹ کی صورتحال سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق اگر اس تجویز کی منظوری دی گئی تو ملک میں پہلی بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین پندرہ روزہ نظام کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ قیمتوں کے تعین میں حکومت کی براہِ راست مداخلت بھی نمایاں حد تک کم ہو جائے گی۔

Back to top button