اسرائیل کو امن عمل کا احترام کرنا ہوگا : جے ڈی وینس

 

 

 

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ایران سے معاہدہ علاقائی امن و استحکام کو یقینی بناتا ہے، اسرائیل کو امن عمل کا احترام کرنا ہوگا،بیروت میں شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران نے اب تک کسی جہاز پر حملہ نہیں کیا،ایران مفاہمتی یادداشت میں شامل آبنائے ہرمز کھولنے کی شق کی پاسداری کررہا ہے۔

نائب صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں طےہونے والا 60 روزہ دورانیہ آج سے شروع ہوگیا ہے۔معاہدے کےبعد ایک کروڑ 20 لاکھ بیرل سے زیادہ تیل کی ایک رات میں آبنائے ہرمز سے ترسیل ہوچکی ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کی زیادہ تر فوجی صلاحیتیں تباہ ہوچکی ہیں،ایران بھی اب اپنی معیشت کو بہتر بنانا چاہتا ہے،ایران کا رویہ بہتر رہا تو یہ ایران کے مفاد میں ہی ہوگا۔ہم نے ایران کے بیلسٹک میزائل بنانےوالی بہت سی تنصیبات کو تباہ کیا ہے،ہم یقینی بنائیں گے کہ ایران علاقائی دہشت گردی کےلیے فنڈنگ نہ کرے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ حتمی معاہدے میں بات ہوگی کہ ایران کے پاس دنیا کےلیے خطرہ بننے والے میزائل نہ ہوں،ایران کو اب اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کےلیے بہت زیادہ رقم کی ضرورت ہوگی۔

نائب صدر نے کہاکہ معاہدے میں ایران پر پابندیوں کے معاملے میں زیادہ رعایت نہیں ہے،ہم دیکھیں گےکہ ایران لین دین کیسے کرتا ہے،ہم کانگریس کی منظوری کےبغیر بھی عارضی طور پر ایران سے پابندیاں ہٹاسکتے ہیں۔

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ اسرائیل کو امن عمل کا احترام کرنا ہوگا بیروت میں شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھاکہ ایران سے معاہدہ علاقائی امن و استحکام کو یقینی بناتا ہے،خلیجی ممالک کو معاہدہ اچھا لگا ہے کیوں کہ اس سے ایران کمزور ہوا ہے۔

 امریکا کاایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان

انہوں نے کہاکہ ایران کے رویے میں تبدیلی تک منجمد اثاثے بحال نہیں کریں گے، خطے میں امریکی افواج کو جنگ سے پہلے والی پوزیشن پر لے آئیں گے۔

 

Back to top button