جماعت اسلامی نے وزیراعظم پیٹرول ریلیف پیکیج کو مسترد کردیا

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پیٹرول 100 روپے فی لیٹر ریلیف پیکج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے  تیسرے دور کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نےکہا کہ جماعت اسلامی،حکومت کےآئی پی پیزاورپٹرولیم لیوی پرتکنیکی مذاکرات ہوئےہیں، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر توانائی اویس لغاری نے بریفنگ دی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم کے پیٹرول ریلیف پیکج کوجماعت اسلامی نے مسترد کردیا ہے، ہم نے واضح کردیا ہے کہ لیوی کو ختم کیا جائے، لیوی ختم ہوگی تو پیٹرول پر103 روپے لیٹر ریلیف مل سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ریلیف کا اقدام دھوکا ہے، حکومت کو بتادیا کہ وزیراعظم کو بتادیں ہمارا مارچ اسلام آباد کی طرف چلےگا۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز سے متعلق اویس لغاری نےمکمل مؤقف دیا ہے، تسلیم کیاگیا کہ جماعت اسلامی کےگزشتہ احتجاج سے 54 آئی پی پیز کےمعاملات فائنل کرلیے۔

خیال  رہے کہ مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

Back to top button