بیرسٹرگوہرنےبیک ڈوررابطوں کو”ٹھنڈا“قرار دیدیا

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بیک ڈور رابطوں کا ماحول کچھ ٹھنڈا ہے، بات چیت ہونی چاہیے اور چیزیں اچھی سمت میں آگے بڑھنی چاہئیں۔

بیرسٹرگوہرکااڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو لاہور دورے کے دوران عوام کی کافی پذیرائی ملی، تاہم انہیں لاہور میں سکیورٹی نہ دینا افسوسناک بات ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ  وزیراعلیٰ کے پی کو گاڑی میں بٹھا کر لے جایا گیا اور ایک چوک پر چھوڑ دیا گیا۔ سہیل آفریدی ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، پولیس کو ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھنا چاہیے تھا۔ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو ایسے ٹریٹ کرنے سے نفرتیں بڑھیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب اور پنجاب پولیس کو ایسے رویے پر معذرت کرنی چاہیے۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے میں سکیورٹی دینا صوبائی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ کو پولیس کی گاڑی میں ایک قدم بھی لے کر جانا تضحیک ہے، گزشتہ رات لاہور میں جو کچھ ہوا غلط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہم پرامن ہیں اور ہمیشہ پرامن رہیں گے، ہم اپنے حقوق اور انصاف کی بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ایک حکم آیا تھا جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنا تھا، عدالتی احکامات پر میڈیکل بورڈ بننا تھا لیکن عملدرآمد نہیں ہوا۔ ہم نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔ کریمنل کیسز ہمیشہ سپریم کورٹ سنتی ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے مسئلے کو آئینی بحران کا مسئلہ بنا دیا گیا ہے۔

Back to top button