پی ٹی آئی مسلح جتھے کے ساتھ آئے،غلطی فہمی دورہوجائے گی،راناثنا

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف تشدد کی نیت اور مسلح جتھے کے ساتھ اسلام آباد آ رہی ہے، پی ٹی آئی والوں کی غلط فہمی دور ہو جائےگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر کوئی مسلح جتھے کی صورت میں نظام تہہ و بالا کرنے آئے تو کیا کارروائی کا اختیار نہیں؟ پی ٹی آئی والے غیرمسلح ہوئے تو آنسو گیس ہی مددگار ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریڈ زون کا تحفظ کیا جائے گا اور فوج تعینات کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ ایسے جتھوں میں دہشت گرد بھی اپنے کام کے لیے پیش پیش رہتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ بھی بیٹھ کر احتجاج کے حوالے سے کچھ طے نہیں کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بجائے خیبرپختونخوا سے داخل ہونے والے راستوں کو بند کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 10 بار بھی شفا اسپتال منتقل کر دیتے تو انہوں نے احتجاج کرنا تھا۔ پی ٹی آئی پرامن احتجاج نہیں کرنا چاہتی، تحریک انصاف کو اسلام آباد میں داخل ہونے دینے کا مطلب شہر کی سلامتی داؤ پر لگانا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سہیل آفریدی لاہور کا گھیراؤ کرنے نہیں گئے تھے اور نہ ہی ایسا کوئی پروگرام تھا، وہ لاہور میں لوگوں کو اپنے انتشاری ایجنڈے کے لیے متحرک کرنے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی افراتفری اور انتشار پھیلانا چاہتے تھے لیکن کامیاب نہیں ہوئے، پی ٹی آئی والوں کی غلط فہمی دور ہو جائے گی۔
