جے ایف 17 تھنڈر سے بھارت کا ایس 400 سسٹم تباہ ، آپریشن بنیان مرصوص نے بھارت میں تباہی مچا دی

پاکستان نے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ سے بھارت میں تباہی مچا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آدم پور میں بھارت کا ایس 400 سسٹم مکمل تباہ کر دیا گیا، پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کے ہائپر سونک میزائلوں نے حملہ کیا، بھارتی ایئر ڈیفنس سسٹم کی مالیت لگ بھگ 1.5 بلین ڈالر ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی سورت گڑھ ایئر فیلڈ بھی تباہ کر دی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا آغاز کیا ہے اور پاکستان نے بیاس کے علاقے میں براہموس سٹوریج سائٹ اور بھارتی ایئر بیس ادھم پور اور پٹھان کوٹ ایئر بیس کو بھی نیست نابود کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔ پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا اور سرسہ ائیر فیلڈز بھی تباہ کر دیا جبکہ اڑی سپلائی ڈپو کو تباہ کر ڈالا۔
آپریشن بنیان مرصوص: پاک نیوی نے بھی اپنے لڑاکا جہاز پانی میں اتار دئیے
واضح رہے کہ پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے اپنے ہائپر سونک میزائل سے ایس 400 کا ائیر ڈیفنس سسٹم مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
ایس 400 سسٹم کیا ہے ؟
ایس 400 روس کا تیار کردہ فضائی دفاعی نظام ہے جسے بھارت نے 2018 میں خریدا تھا، بھارتی عوام کو ایس 400 فضائی دفاعی نظام پر بہت زیادہ غرور تھا کہ ہمارے پاس ایسا فضائی دفاعی نظام موجود ہے جو پاکستان سے آنے والے میزائلوں کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایس 400 ایک ہی وقت میں 300 ٹارگٹ کو ٹریس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہےاور ایک ہی حملے میں 36 ٹارگٹ کو تباہ کر سکتا ہے یا انہیں انگیج کر سکتا ہے۔
ایس 400 ائیر کرافٹ، کروز میزائل، بیلسٹک میزائل اور ان ڈرونز کو نشانہ بنا سکتا ہے، یہ دفاعی نظام 4.8 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے دوڑنے والے کسی بھی قسم کے میزائل کو تباہ کر سکتا ہے۔
بھارت نے 3 ایس 400 سسٹم نصب کر رکھے ہیں اور پاکستانی فضائیہ کی جانب سے تباہ کیے گئے ایک ایس 400 کی مالیت لگ بھگ 1 اعشاریہ 5 بلین ڈالر ہے۔