دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلیے جہاد جاری رہےگا : وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے اختلافات بھلاکر دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد ناگزیر قرار دیتےہوئے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلیے جہاد جاری رہےگا، انسانیت دشمنوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گےکہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکیں گے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورت حال پر اہم اجلاس ہوا،جس میں امن و امان کے قیام کےحوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
جائزہ اجلاس میں وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ،احد چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ،وزیر مملکت طلال چوہدری شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں بیرسٹر محمد علی سیف،وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق،وزیر داخلہ آزاد کشمیر وقار نون،چاروں صوبوں،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتےہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کےلیے ہمارا جہاد جاری رہے گا،دہشت گردوں کو ایسی عبرت ناک شکست دیں گےکہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے تمام اداروں،صوبوں کی کوششیں لائق تحسین ہیں،دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کےلیے وفاقی حکومت صوبوں کی استعداد بڑھانے کےلیے بھرپور تعاون کرے گی،ہمیں آپس کے تمام اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے خاتمے کےلیے مل کر کام کرنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا تھاکہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان اور افسر دن رات دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسمگلنگ کےخلاف تمام ادارے اپنی کوششیں مزید تیز کریں اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے،اسمگلرز کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس : الیکشن کمیشن کا حکم نامہ جاری
ان کاکہنا تھا کہ ملک کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، دہشت گردی کے خلاف بیانیے کےحوالے سے وفاق اور صوبے مل کر کام کررہے ہیں جو خوش آئند ہے۔