جسٹس بابر ستار کیخلاف سوشل میڈیا مہم کیخلاف توہین عدالت کیس کل سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کا فیملی ڈیٹا لیک کرنے اور سوشل میڈیا مہم کیخلاف توہین عدالت کیس کل 3 جون کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں لارجر بینچ کل سماعت کرے گا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان بھی بینچ میں شامل ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس 6 جون کو سماعت کیلئے مقرر کیا تھا تاہم اب کیس کو کل 3 جون کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 مئی کو جسٹس محسن اختر کیانی کی چھٹی کے باعث کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ 14 مئی کو سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ اس کیس میں ہمیں تمام خفیہ اداروں کے کردار کو دیکھنا ہے۔
6 مئی کو جسٹس بابر ستار نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں انہیں نشانہ بنانے والی سوشل میڈیا مہم کے بارے میں بتایا تھا، خط میں انہوں نے انکشاف کیا کہ آڈیو لیکس کیس میں مجھے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پیچھے ہٹ جاؤ۔
متنازع ٹوئٹ: عمران خان کا شامل تفتیش ہونے سے ایک بار پھر انکار
اس سے قبل 28 اپریل کو جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعلامیہ جاری کیا تھا۔ اعلامیے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ، بچوں کی امریکی شہریت، امریکی جائیدادوں اور فیملی بزنس پر وضاحت دی تھی۔