جسٹس جہانگیری ڈگری کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس طارق محمود جہانگیری ڈگری کیس کی سماعت کرنے والا دو رکنی بینچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے بینچ میں بیٹھنے سے معذرت کر لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو نے جسٹس جہانگیری ڈگری کیس کی سماعت کی۔اسلام آباد بار کی کیس میں فریق بننے کی متفرق درخواست سماعت کےلیے مقرر تھی۔
دوران سماعت جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔بینچ ٹوٹ جانے کےبعد کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
دوران سماعت اپنی درخواست میں اسلام آباد بار نے مؤقف اختیار کیاکہ زیر التوا آئینی درخواست کی منصفانہ اور شفاف سماعت بار کو فریق بنائے بغیر ممکن نہیں کیوں کہ اس کیس میں اٹھائے گئے مسائل قانونی برادری اور قانون کی بالادستی کےلیے انتہائی بنیادی نوعیت کے ہیں۔
اسلام آباد بار نے مؤقف اپنایاکہ اس کے میمورنڈم آف ایسوسی ایشن (2016) کے مطابق،بار کا مقصد قانون کی حکمرانی،عدلیہ کی آزادی اور شہری آزادیوں کا تحفظ ہے۔ اسلام آباد بار تاریخی طور پر آئینی بالادستی کی جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے،اس لیے اسے اس معاملے میں سنا جانا چاہیے۔
درخواست میں یاد دلایا گیا کہ اسلام آباد بار کے بنیادی فرائض میں اپنے اراکین کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں سہولت فراہم کرنا، ان کے مفادات کا تحفظ کرنا، اور دیانتداری و پیشہ ورانہ اخلاقیات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا شامل ہے۔کہا گیاکہ بار اعلیٰ عدلیہ کو اندرونی یا بیرونی حملوں سے بچانے اور آئین کی بالادستی کےلیے کوشاں رہنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
