کبل خودکش حملہ: سلامتی کونسل کی شدید مذمت، پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے 2 اگست کو کبل میں پولیس سٹیشن کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سلامتی کونسل کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد حملے میں کم از کم 16 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ بیان میں کہا گیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
سلامتی کونسل کے اراکین نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔
ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے، جس کا مؤثر سدباب ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گرد حملوں کے مرتکب، منصوبہ ساز، مالی معاونین اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 خارجی جہنم واصل
بیان میں تمام رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اس معاملے میں حکومتِ پاکستان سے مکمل تعاون کریں۔
