امدادی سرگرمیوں میں مصروف خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 5 افراد شہید

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر پنڈیالی سوکئی میں حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوگئے۔
خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے ریسکیو آپریشن میں شریک تھا کہ مہمند پنڈیالی سوکئی پہاڑی پر حادثے کا شکار ہوا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے سبب مہمند کی فضائی حدود میں ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا، علاقے میں فوری طور پر ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر باجوڑ میں امدادی سرگرمیوں کےلیے جارہا تھا۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مختلف اضلاع میں کلاؤڈ برسٹ سے پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال سے نمٹنے کےلیے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔انہوں نے ہدایت کی تھی کہ ریسکیو اور ریلیف کی کاروائیوں کیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے تمام ضلعی انتظامیہ خصوصاً دیر اور سوات کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی۔
