خیبرپختونخواپولیس کو جدید آلات اور اسلحے سے لیس کیا جائےگا،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختوانخواسہیل آفریدی کاکہناہے کہ صوبے میں امن وامان پہلی ترجیح ہے، خیبرپختونخواپولیس کو جدید آلات اور اسلحے سے لیس کیا جائےگا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت پہلا باضابطہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ کو صوبائی حکومت کےگڈگورننس روڈ میپ کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڈگورننس روڈ میپ تین وسیع شعبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے، ان شعبوں میں پبلک سروس ڈیلیوری، امن و امان اور معیشت شامل ہیں۔
سہیل آفریدی نے وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے پولیس کو دی گئیں بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنےکی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ 8 فروری کو کےپی میں عوام کےمینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنےکی کوشش کی گئی، دباؤ کے باوجود عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ پر بیوروکریسی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض سرکاری لوگوں نے دباؤ برداشت نہیں کیا اور عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ نہیں کیا،گزشتہ عام انتخابات میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے والے سرکاری حکام کو ریوارڈ دیں گے، جن لوگوں نےعوام کا ساتھ نہیں دیا ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی، چیف سیکرٹری کو ہدایت کرتا ہوں ایسےلوگوں کی نشاندہی کرکے سخت کارروائی کریں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ نے پولیس کو جو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی ہیں، وہ ناقص اور پرانی ہیں، یہ خیبرپختونخوا پولیس کی تضحیک ہے، ان گاڑیوں کو واپس کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق وزرائے اعلیٰ سے لی گئی سکیورٹی واپس کی جائے تاکہ ان کا تحفظ یقینی ہو، امن و امان ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے، اس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، پولیس کو فنڈز کی کمی کا سامنا نہیں ہوگا، پولیس کو جدید آلات اور اسلحے سے لیس کیا جائےگا۔
