کوہلی کی جانب سے ابرار احمد کی بولنگ کی تعریف

پاکستانی باؤلرابرار احمد نے شبمن گل کو بولڈ کرکے تعریفیں سمیٹیں۔بہترین گیند بازی پر ویرات کوہلی بھی ابرار کو شاباشی دیے بغیر نہ رہ سکے۔
بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی تعریفوں کےساتھ ان کے بہترین رویے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی بھی تعریف ہورہی ہے۔
میچ میں پاکستان کے بیٹرز اور بولرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے تاہم مسٹری اسپنر ابرار احمد جنہوں نے 10 اوورز میں 28 رنز دیکر ایک وکٹ لی ان کی تعریفیں بھی کی جارہی ہیں۔
بھارت کی اننگز کے 37 ویں اوور میں ابرار نے ایک رنز دیا، اوور کے اختتام پر کوہلی نے ابرار کو روکا اور ان کی بولنگ کی تعریف کی اور پیٹھ تھپتھپائی۔ آئی سی سی کی جانب سے فیس بک پر اس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔اس کے علاوہ میچ ختم ہونے کے بعد بھی کوہلی نے ابرار کو شاباش دی۔
چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔انتہائی اہم میچ میں ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف چوتھی اور اپنے ون ڈے کریئر کی 51 ویں سنچری اسکور کی۔ویرات کوہلی نے 111گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ شاندار بلے بازی پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔