ایڈرین ہیملٹن مانز پی آئی اے کے نئےسی ای اونامزد

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی قیادت میں اہم تبدیلی ہوئی ہے اور ایڈرین ہیملٹن مانز کو قومی ائیرلائن کا نیاسی ای اونامزد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایڈرین ہیملٹن مانز اس سے قبل عمان کی فضائی کمپنی سلام ائیر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں کمرشل ایوی ایشن اور ایئرلائن مینجمنٹ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کے چیئرمین نے نئے نامزد سی ای او کا ادارے کے تمام چیفس سے تعارف بھی کرا دیا ہے، جس کے بعد پی آئی اے کی انتظامی قیادت میں تبدیلی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم ان کی تقرری کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت ضروری منظوریوں اور رسمی کارروائیوں کی تکمیل باقی ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ایڈرین ہیملٹن مانز بین الاقوامی فضائی صنعت میں تقریباً تین دہائیوں کا تجربہ رکھتے ہیں، وہ مختلف ممالک کی فضائی کمپنیوں میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر کام کر چکے ہیں، سلام ائیرکے علاوہ وہ قازقستان کی کم لاگت فضائی کمپنی فلائی آریستان کے بھی چیف ایگزیکٹو رہ چکے ہیں، ان کے پیشہ ورانہ تجربے میں ائیرلائن آپریشنز، کمرشل مینجمنٹ اور فضائی کمپنیوں کے انتظامی امور شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ایڈرین ہیملٹن مانز کی نامزدگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی آئی اے کی نجکاری کے بعد ادارے کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں اور کاروباری امور کو مؤثر بنانے کے اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔

Back to top button