مولانافضل الرحمان سےدہشتگردوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکاکہناہے کہ مولانافضل الرحمان تو خود دہشت گردی کاشکارہوئے تھے ان سےدہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی۔

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایکس پرلکھا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سیاست دان کی جانب سے دہشت گردی کی پشت پنای کرنے والوں اور خیبرپختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت کرنا افسوس ناک ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے خیبر پختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے مولانافضل الرحمان کا ان کی حمایت میں بات کرنا نہایت افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کی حمایت میں بیانات جاری ہو رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ کیا 13 سال میں وہ کسی ایک شہید کے جنازے میں بھی شریک ہوئے، الٹا دہشت گردوں کو پناہ دی، انہیں پالا پوسا اور پاکستان پر حملہ آور ہونے کے لیے وسائل، پناہ گاہیں اور اپنے صوبے کی زمین فراہم کی۔

مریم نوازکا کہنا تھا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے خیبر پختونخوا میں نااہلی کے انبار لگا دیے، وہاں کے عوام کی زندگیاں تباہ و برباد کر دیں اور انہیں دہشت گردی کی نذر کر دیا، صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اور احتجاج پرخرچ کر دیے اور 13 قیمتی سال کرپشن اور نالائقی کی نذر کر دیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جس سپہ سالار نے معرکہ حق میں ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا اور جس کی قیادت میں پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز ملا، اس کے بارے میں مولانا صاحب کے الفاظ نے ہر محب وطن پاکستانی کا دل دکھایا ہے۔

 

Back to top button