سپریم کورٹ بارکےالیکشن میں احسن بھون گروپ کامیاب قرار

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں صدارتی نشست کی گنتی مکمل ہو گئی۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق احسن بھون گروپ / انڈیپینڈینٹ گروپ کے امیدوار سید امجد علی شاہ صدر منتخب ہو گئے۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق لاہور سے سید امجد شاہ نے 644 ووٹ حاصل کیے جبکہ پروفیشنل گروپ کے امیدوار سردار امان خان نے 400 ووٹ حاصل کیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں احسن بھون نے فتح پر وکلا برادری کو مبارکباد دی اور تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے چوہدری پرویز الہی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ احسن بھون کا کہنا تھا کہ وہ آئین و قانون کے مطابق ہونے والی ترامیم کی حمایت کریں گے۔

نو منتخب صدر سید امجد شاہ نے مضبوط مینڈیٹ ملنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ وکلاء برادری کے شکر گزار ہیں، آئین و قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور وکلا کی فلاح ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا الیکشن جیتنے پر انڈیپینڈینٹ گروپ کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم نے انڈیپینڈینٹ گروپ کی قیادت اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کو خصوصی مبارکباد دی اور نو منتخب صدر سید امجد شاہ و دیگر عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ شاندار فتح وکلاء کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد اور قانون و انصاف کے حوالے سے حکومتی موقف کی حمایت کا مظہر ہے۔ اس فتح نے یہ ثابت کر دیا کہ وکلاء برادری حکومتی آئینی و قانونی اصلاحات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ سے وکلا برادری کو اصلاحات کے عمل میں اہم شراکت دار تصور کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ انڈیپینڈینٹ گروپ کی قیادت بالخصوص اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کی محنت اور وکلاء برادری کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا اور فلاح کے لیے اقدامات لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدر سید امجد شاہ اور ان کے عہدیداران ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی کے اس سفر میں حکومت اور وکلا برادری کی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے۔

Back to top button