لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی توسیع کی منظوری

وزیرِ اعظم نے ائیرپورٹس پر بین الاقوامی معیار کو مد نظر رکھ کر سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دے دی۔
وزیرِ اعظم نے توسیعی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے جبکہ توسیعی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور انہیں بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے توسیعی منصوبوں اور مسافروں کی سفری سہولیات کو بہترین بنانے کے لیے اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹس پر سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات لی جائیں، ہوائی اڈوں پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے والے افسران و عملے کو اعلی سروس ڈلیوری کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر موجود مختلف اداروں کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنایا جائے اور مسافروں کی سہولت کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے، ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے بہترین کیٹررز کی خدمات لی جائیں اور کھانے پینے کی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کے بڑے شہروں میں ہوائی اڈوں کی توسیع اور ہوائی اڈوں پر مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو بڑے ایئرپورٹس پر سفری سہولیات کے معیار کو جانچنے کے حوالے سے حال ہی میں بین الاقوامی فرم کے ذریعے مکمل کیے گئے سروے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو کراچی اور لاہور ایئر پورٹس کے توسیعی منصوبوں کے علاوہ ملک بھر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مختلف ہوائی اڈوں کی اپ گریڈیشن و جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے کی توسیع مکمل ہو چکی ہے۔
اجلاس کو لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کے ماسٹر پلانز اور ان کے تحت توسیع کی منصوبہ بندی اور تعمیر کی معینہ مدت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے تعمیر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مقامی پروازوں کی بحال کیلئے 14 ایئر پورٹس فعال کیے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے مسافروں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے اسٹاف اور کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
