وزیراعظم نے پاک چین دوستی ہسپتال کا افتتاح کردیا

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاک چین دوستی ہسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس کا نام مستقل طور پر برقرار رہے گا اور یہاں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں عوام کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں ہو سکتی اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ دعائیں ملتی رہیں گی۔
انہوں نے کا کہ یہ ہسپتال ہمارے عزیز ترین دوست ملک چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے تحفہ دیا گیا تھا، جو صدر شی جن پنگ کی دور اندیش اور فیاض قیادت کی عکاسی کرتا ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ اقوام عالم کے مشترکہ اہداف اور مشترکہ مستقبل پر یقین رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ کووڈ کے دنوں میں یہ ہسپتال بہت مفید ثابت ہوا، لیکن جیسے ہی کووڈ کا دور ختم ہوا، اس ہسپتال کو مکمل طور پر غیر فعال کر دیا گیا۔کئی سال تک یہ ہسپتال مکمل طور پر بند رہا اور ذرا تصور کریں کہ ہمارے چینی بھائیوں اور بہنوں کو اس ہسپتال کے بارے میں کیسا محسوس ہوتا ہوگا جو ان کی محنت سے کمائے گئے وسائل سے تحفہ دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کوتاہی یعنی متعدد برس کے وقفے 2020 سے اب تک کے لیے معذرت خواہ ہوں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ جب مجھے اس ہسپتال کے بارے میں معلوم ہوا تو یہ خبر مجھے ایک اخبار کے ذریعے ملی، کیونکہ میں اپنی میڈیا ٹیم کے ساتھ صبح سویرے اپنے دن کا آغاز کرتا ہوں۔
مجھے یہ چونکا دینے والی خبر دی گئی کہ اس ہسپتال کے متعلق میں اس وقت بات کروں گا جب ہم اس ہسپتال کو بحال کر کے اس کا افتتاح کریں گے۔
چنانچہ میں نے فوری طور پر وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کو اپنے دفتر بلایا اور انہیں یہ افسوسناک خبر دی اور واضح ہدایات دیں کہ اس ہسپتال کو گزشتہ روز ہی بحال ہو جانا چاہیے۔
