فیلڈمارشل سےبرازیلی چیف آف جوائنٹ چیفس کی ملاقات،دفاعی امورپرتبادلہ خیال

وفاقی جمہوریہ برازیل کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریئر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاق و چوبند تینوں خدمات کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برازیل کے مابین دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کی افواج کی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم و وابستگی کا اعادہ کیا۔
ایڈمرل ریناٹو روڈریگز نے پاک مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید استوار کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
