انتخابی اصلاحات کیلئےکمیٹی کاقیام،سپیکر نےوزیراعظم،اپوزیشن لیڈر کوخط لکھ دیا

سپیکر قومی اسمبلی سے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے قیام کیلیے وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور کو خطوط بھیج دیے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر ایاز صادق نے انتخابی اصلاحات سے متعلق کمیٹی کے قیام کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، چیئرمین سینیٹ وفاقی وزیر پارلیمانی امور کو خطوط بھیج دیئے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق انتخابات اصلاحات کیلئے 30 رکنی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں 20 اراکین قومی اسمبلی اور 10 سینیٹرز شامل ہوں گے۔
قومی اسمبلی کے اراکین میں 15 حکومتی اور 5 اپوزیشن اراکین شامل ہوں گے جبکہ چیئرمین سینیٹ کمیٹی کیلئے 10 اراکین کے نام بھجوائیں گے جن میں حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان شامل ہوں گے۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی۔
اپوزیشن وفد سے ہونے والی ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر آج اپوزیشن وفد سے ملنے آئے اور درخواست کی کہ دونوں ایوانوں کی جو انتخابی اصلاحات کی کمیٹیاں بن رہی ہیں اس میں تمام جماعتیں اپنی شمولیت یقینی بنائیں۔
