پیپلزپارٹی ایک بار پھر مفاہمتی سیاست کے نعرے کیوں لگانے لگی؟

ملک میں سیاسی مفاہمت اور استحکام کی باتیں ایک ایسے وقت میں تیز ہو رہی ہیں جب نئے صوبوں کے قیام، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج جیسے معاملات سیاسی منظرنامے پر اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے پر زور دے رہی ہے، لیکن سیاسی مبصرین کے نزدیک سوال یہ ہے کہ کیا یہ مفاہمتی کوششیں واقعی ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے ہیں یا ان کے پس پردہ مستقبل کی سیاسی صف بندی اور نئے صوبوں کے معاملے سے بچنے کی کوئی حکمت عملی بھی کارفرما ہے؟

تجزیہ کار سلمان غنی کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے دیگر رہنما ان دنوں سیاسی استحکام اور اہم قومی معاملات پر افہام و تفہیم کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ اپوزیشن کو نہ چھیڑا جائے اور اہم معاملات پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بہتر تعلقات کی حامی ہے۔ اسی سلسلے میں پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے بھی سیاسی کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات اور مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا ہے اور حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان تناؤ کم کرانے کی پیشکش کی ہے۔ تاہم پارٹی رہنماؤں کے ان بیانات کے ساتھ ایک اہم سوال بھی سامنے آ رہا ہے کہ کیا پیپلز پارٹی اپنی اتحادی حکومت کے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے بھی تیار ہے؟

سلمان غنی کے تجزیے کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے بلاول بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا فیصلہ حکومت اور کابینہ نے کیا تھا اور پیپلز پارٹی اس فیصلے میں فریق نہیں تھی۔ اس بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ پیپلز پارٹی خود کو اس اہم سیاسی فیصلے سے الگ ظاہر کرنا چاہتی ہے۔ یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا حکومت کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی تائید حاصل نہیں تھی، یا اب پارٹی بدلتے سیاسی حالات میں اس فیصلے سے فاصلہ اختیار کر رہی ہے؟

مبصرین کے مطابق پیپلز پارٹی اگر واقعی آئین، جمہوریت اور سیاسی مفاہمت کے اصولوں پر کھڑی ہے تو اسے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے پر اپنا واضح مؤقف سامنے لانا ہوگا۔ محض حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مفاہمت کی بات کرنا کافی نہیں، بلکہ ایسے فیصلوں پر بھی اصولی مؤقف اختیار کرنا ضروری ہے جو سیاسی اور آئینی اعتبار سے حساس ہوں۔ تاہم سلمان غنی کے خیال میں بلاول بھٹو کے لیے اس معاملے پر دوٹوک پالیسی اختیار کرنا آسان دکھائی نہیں دیتا۔

تجزیے کے مطابق موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے پیپلز پارٹی حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود حکومتی فوائد سے مستفید ہوتی رہی ہے، لیکن جب ذمہ داری قبول کرنے کی بات آتی ہے تو وہ خود کو حکومت سے الگ ظاہر کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ اب بھی پارٹی قومی مفاہمت کی علمبردار بن کر سامنے آ رہی ہے، جبکہ ملک کی اقتصادی بدحالی اور سیاسی افراتفری کی ذمہ داری لینے سے گریزاں دکھائی دیتی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بلاول بھٹو ایک طرف سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی حکومت کے اقدامات کو نمایاں کر رہے ہیں اور دوسری جانب ملک میں سیاسی مفاہمت کا پیغام دے رہے ہیں۔ اس حکمت عملی کے ذریعے پیپلز پارٹی اپنا سیاسی مقدمہ مضبوط کرنے اور ووٹ بینک کو مستحکم رکھنے کی کوشش کر سکتی ہے۔ پارٹی یہ تاثر بھی دینا چاہتی ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنے والی جماعت وہی ہے۔اس تناظر میں مفاہمت پر زور کو محض سیاسی خیرسگالی کے بجائے بچاؤ کی سیاست کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ سلمان غنی کے تجزیے میں یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آئندہ سیاسی حالات اور انتخابات کے دباؤ کے پیش نظر پیپلز پارٹی قومی مفاہمت کی اپیل کے ذریعے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی اختیار کر رہی ہے۔

تاہم اس پورے سیاسی منظرنامے میں نئے صوبوں کے قیام کا سوال بھی اہم ہے۔ اگر ملک میں انتظامی بنیادوں پر صوبائی حدود کی تبدیلی اور نئے صوبوں کی تشکیل پر پیش رفت ہوتی ہے تو اس کے اثرات بالخصوص سندھ کی سیاست پر بھی مرتب ہو سکتے ہیںدوسری جانب عوامی محرومیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور سیاسی قیادت پر عوام کا اعتماد کمزور ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ سلمان غنی کے مطابق تلخ حقیقت یہ ہے کہ لوگ اپنے مسائل کے حل کے لیے اب سیاسی قیادت کی طرف دیکھنے کی زحمت بھی نہیں کرتے، کیونکہ انہیں اس حوالے سے سنجیدگی کی توقع باقی نہیں رہی۔ ایسے حالات میں سیاسی مفاہمت کی اپیل اسی وقت مؤثر ثابت ہو سکتی ہے جب اس کے ساتھ عملی فیصلے، واضح پالیسی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات بھی سامنے آئیں۔

Back to top button