مولانا فضل الرحمٰن کا مبینہ فرنٹ مین ٹھیکیدار امان اللہ کون ہے؟

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے مبینہ طور پر منسلک کاروباری نیٹ ورک کے حوالے سے سامنے آنے والے ایک سنگین مالیاتی معاملے نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے، جس میں ٹھیکیدار امان اللہ کے زیرِ استعمال 16 مشکوک بینک اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 39 کروڑ 56 لاکھ 70 ہزار روپے کی مشکوک مالی ترسیلات کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ انکوائری اور تحقیقات کے لیے ایف بی آر کو بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ امان اللہ کا نام ایگزٹ کنٹرول فہرست اور عارضی قومی شناختی فہرست میں شامل کیے جانے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ اس معاملے نے کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ امان اللہ کا کاروباری نیٹ ورک کتنا وسیع ہے، اس کے مالی معاملات کی نوعیت کیا ہے اور مولانا فضل الرحمٰن سے اس کے مبینہ تعلقات کی حقیقت کیا ہے؟

ایکسپریس نیوز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امان اللہ کا تعلق بلوچستان کے علاقے چمن سے ہے اور اس کا مستقل پتہ غریب آباد، ڈاک خانہ کلی حاجی محمد خان، چمن، ضلع قلعہ عبداللہ بتایا گیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امان اللہ متعدد کاروبار چلاتا ہے اور اس کے کاروباری مفادات مختلف شعبوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ان میں ناران کے مرکزی بازار میں جامع مسجد کے بالمقابل واقع ماؤنٹ حیات ہوٹل اینڈ ریزورٹس بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرینز میں واقع ریئل آرکیڈ بزنس سینٹر کی پانچویں منزل پر بھی امان اللہ کا دفتر موجود ہے، جہاں سے وہ اپنے ٹھیکوں اور کاروباری معاملات چلاتا ہے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں اے ایس کیو اے انٹرپرائزز، اچکزئی پراپرٹیز، اچکزئی رئیل اسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، الوداق ایسوسی ایٹس اور ایم اعظم یونس اینڈ کمپنی سمیت متعدد کاروباری اداروں کی ملکیت یا وابستگی کا ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کا سب سے اہم اور تشویش ناک پہلو امان اللہ کے زیرِ استعمال مبینہ 16 مشکوک بینک اکاؤنٹس ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان اکاؤنٹس کے ذریعے مجموعی طور پر 39 کروڑ 56 لاکھ 70 ہزار روپے کے فنڈز کی مشکوک ترسیل کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ لین دین مختلف کاروباری ناموں اور پروفائلز کے تحت کیا گیا، تاہم ان کاروباری شناختوں میں باہمی مطابقت نہیں پائی گئی اور نہ ہی لین دین کا حجم متعلقہ کاروباری سرگرمیوں سے مطابقت رکھتا تھا۔ اس مالیاتی معاملے کو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور انسدادِ منی لانڈرنگ قوانین کے تحت انکوائری اور تحقیقات کے لیے ایف بی آر کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اگر یہ الزامات تحقیقات میں درست ثابت ہوتے ہیں تو متعلقہ مالیاتی اداروں اور کاروباری سرگرمیوں کی مزید چھان بین اہمیت اختیار کر جائے گی۔

رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ 3 نومبر کو امان اللہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ اور عارضی قومی شناختی فہرست میں شامل کیا گیا۔ اس کے بعد سے وہ مبینہ طور پر منظرعام پر نہیں آیا اور ایف آئی اے، نیب اور سی ڈی اے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹسز کا جواب نہیں دے رہا۔یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر امان اللہ کے کاروبار، مالی معاملات اور لین دین قانونی اور شفاف ہیں تو متعلقہ اداروں کے نوٹسز کا جواب دینے کے بجائے اس کی عدم دستیابی کی کیا وجہ ہے؟ کیا وہ تحقیقات میں اپنا مؤقف پیش کرے گا اور اپنے مالی معاملات کی وضاحت دے سکے گا؟ ان سوالات کے جوابات متعلقہ اداروں کی تحقیقات اور امان اللہ کے مؤقف کے بعد ہی سامنے آ سکتے ہیں۔

رپورٹ کا سب سے حساس پہلو امان اللہ اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان مبینہ تعلق ہے۔ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں مکان نمبر 7، گلی نمبر 83، سیکٹر جی سکس فور، جو مولانا فضل الرحمٰن کے زیرِ استعمال بتایا جاتا ہے، اس کا مالک ٹھیکیدار امان اللہ ہے۔ اسی بنیاد پر رپورٹ میں امان اللہ کو مولانا فضل الرحمٰن کا مبینہ فرنٹ مین قرار دیتے ہوئے اس کے کاروباری نیٹ ورک اور سیاسی تعلقات کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے ہیں۔رپورٹ میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ کیا مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے خاندان کی حالیہ سیاسی بے چینی کا تعلق اس کاروباری نیٹ ورک کے خلاف ہونے والی کارروائیوں سے ہے؟ کیا ریاستی اداروں کی جانب سے امان اللہ کے مالی معاملات کی چھان بین نے کسی ایسے کاروباری نظام کو متاثر کیا ہے جس سے مولانا یا ان کے قریبی حلقوں کو فائدہ پہنچتا رہا ہو؟

سیاسی مبصرین کے لیے اس معاملے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ان دنوں حکومت مخالف سیاست اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ممکنہ سیاسی صف بندی کے حوالے سے بھی خبروں میں ہیں۔ ایسے وقت میں ان سے منسوب کسی کاروباری نیٹ ورک کے مالی معاملات سے متعلق الزامات سیاسی ماحول پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔ اب بنیادی سوال یہ ہے کہ ایف بی آر، ایف آئی اے اور نیب اس معاملے میں کیا پیش رفت کرتے ہیں؟ امان اللہ اپنے کاروباری اداروں اور مبینہ مالی ترسیلات کی وضاحت پیش کرتا ہے یا نہیں؟ اور مولانا فضل الرحمٰن یا ان کے خاندان کی جانب سے ان مبینہ تعلقات اور الزامات پر کیا مؤقف سامنے آتا ہے؟ ان سوالات کے جوابات ہی اس معاملے کی اصل نوعیت واضح کر سکیں گے۔

Back to top button