کیا ق لیگ کا فوری نون لیگ سے راہیں جدا کرنا ممکن ہے؟

مریم نواز اور چوہدری سالک حسین کے درمیان کرپشن کے الزامات پر شروع ہونے والی لفظی جنگ اب مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے سیاسی اتحاد کے مستقبل تک پہنچ گئی ہے۔ چوہدری سالک حسین کے الزامات، وزیراعلیٰ پنجاب کے قانونی نوٹس، سیکیورٹی واپس لینے کے اقدام اور مسلم لیگ (ق) کے وزارتیں چھوڑنے کے اعلان نے حکومتی اتحاد میں دراڑوں سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کیا چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں طے پانے والا سیاسی معاہدہ ختم ہونے جا رہا ہے؟ کیا مسلم لیگ (ق) پنجاب اور وفاق دونوں حکومتوں سے علیحدگی اختیار کر سکتی ہے؟ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ تنازع اب محض دو رہنماؤں کے درمیان اختلاف نہیں رہا بلکہ اتحادی سیاست، حکومتی اختیارات اور اقتدار میں شراکت داری کے بنیادی اصولوں کا امتحان بن چکا ہے۔

پاکستان کی سیاست میں حکومتی اتحادیوں کے درمیان اختلافات کوئی نئی بات نہیں، تاہم مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان حالیہ کشیدگی نے پنجاب اور وفاق دونوں سطحوں پر سیاسی صورتحال کو موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔ چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں مبینہ کرپشن اور ترقیاتی بجٹ کی غیر مساوی تقسیم پر سوالات اٹھانے کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز کے سخت ردعمل نے معاملے کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ق) نے بھی واضح کر دیا ہے کہ وہ اتحادی جماعت ضرور ہے لیکن حکومتی معاملات پر سوال اٹھانے سے دستبردار نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ چوہدری سالک حسین نے چند روز قبل پنجاب میں مبینہ کرپشن کی شکایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب کرپشن کی فائلیں نہیں بلکہ الماریاں بھر چکی ہیں اور ان معاملات کو نوٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ترقیاتی بجٹ کی تقسیم پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے وسائل کا بڑا حصہ لاہور پر خرچ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی حکومت کو بھی بہتر قرار دیا، تاہم واضح کیا کہ ان کے پاس براہِ راست دستاویزی ثبوت موجود نہیں بلکہ مختلف حلقوں سے موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر بات کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ان بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے، بصورت دیگر اسے عدالت میں جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے اپنی حکومت میں ایک پیسہ بھی کرپشن کی نذر نہ ہونے کا دعویٰ کیا اور تنازع کو ڈپٹی کمشنر گجرات کی تعیناتی سے بھی جوڑا۔ بعد ازاں چوہدری سالک حسین کو قانونی نوٹس بھجوا کر بیان واپس لینے، غیر مشروط معافی مانگنے اور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

دوسری جانب چوہدری سالک حسین اپنے مؤقف پر قائم رہے اور قانونی نوٹس کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک انٹرویو میں عمومی سوالات کا دیانت داری سے جواب دیا تھا اور مریم نواز کا نام لے کر کوئی الزام نہیں لگایا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر گجرات کی تعیناتی کے معاملے کو بھی من گھڑت قرار دیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اس تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری سالک حسین کا بیان ان کی سیاسی سمجھ سے باہر ہے، تاہم اگر یہ کسی مستقبل کے سیاسی ایجنڈے یا متبادل انتظام کی راہ ہموار کرنے کا حصہ ہے تو پھر اس کی سیاسی اہمیت سمجھ میں آتی ہے۔ دوسری طرف مریم نواز نے وزرا کو مشورہ دیا کہ اگر انہیں حکومت سے تحفظات ہیں تو وہ استعفیٰ دے دیں۔ اسی دوران پنجاب حکومت کی جانب سے چوہدری سالک حسین اور متعلقہ رہنماؤں کی ایلیٹ فورس سیکیورٹی واپس لینے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ جبکہ مریم نواز کے مطالبے کے جواب میں ق لیگی قیادت کا واضح طور پر کہنا ہے کہ پارٹی کو وزارتیں چھوڑنے کے لیے کہا گیا تو وہ اس کے لیے تیار ہے، تاہم کرپشن کی نشاندہی کرنا کوئی جرم نہیں۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت کے قیام کے وقت تمام اتحادی جماعتیں چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر جمع ہوئی تھیں، جہاں ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اسی معاہدے کے تحت مسلم لیگ (ق) نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مسلم لیگ (ن) کو جس سیاسی معاہدے کے تحت حکومت ملی، اسی کے تحت مسلم لیگ (ق) کو بھی وزارتیں دی گئیں اور اس معاہدے میں صدر آصف علی زرداری بھی شامل تھے۔ ان کا سوال ہے کہ اگر کرپشن کی نشاندہی کرنے پر وزارتیں چھوڑنے کا کہا جا رہا ہے تو کیا حکومت میں رہ کر غلط کاموں پر سوال اٹھانا بھی جرم بن گیا ہے؟ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کرپشن کے بیانیے کو بنیاد بنا کر استعفوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تو پھر سب سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کو استعفیٰ دینا چاہیے، اس کے بعد دونوں جماعتیں اپنے اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں اور نئے اتحاد اور نئے اصول طے کیے جائیں۔مسلم لیگ (ق) کے ترجمان نے واضح کیا کہ پارٹی حکومت کی ملازم نہیں بلکہ ایک سیاسی اتحادی ہے، اس لیے وہ ہر معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتی۔ ان کے مطابق چوہدری شجاعت حسین کے خاندان نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ معاہدے کی خاطر سیاسی اور خاندانی سطح پر بھی قیمت ادا کی، لیکن موجودہ رویے سے پارٹی میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اس تنازع کا بنیادی سوال صرف وزارتوں یا چند حکومتی عہدوں کا نہیں بلکہ اتحادی معاہدے کی پاسداری اور سیاسی شراکت داری کے اصولوں کا ہے۔ مسلم لیگ (ق) کی جانب سے وزارتیں چھوڑنے کی آمادگی اور مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سخت ردعمل نے اختلافات کو کھل کر سامنے لا دیا ہے۔تاہم ابھی تک مسلم لیگ (ق) نے پنجاب یا وفاقی حکومت سے باضابطہ علیحدگی کا اعلان نہیں کیا۔ وزارتیں چھوڑنے کی آمادگی اور حکومت سے مکمل طور پر اتحاد ختم کرنے کا فیصلہ دو الگ معاملات ہیں۔ آنے والے دنوں میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری سالک حسین اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان رابطے اس تنازع کے مستقبل کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل نہ ہوئے تو ان کے اثرات صرف پنجاب حکومت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ وفاقی حکومت میں بھی اتحادی سیاست متاثر ہو سکتی ہے۔ اصل امتحان یہ ہوگا کہ مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) اپنے سیاسی معاہدے کو برقرار رکھتے ہوئے اختلافات کی گنجائش پیدا کرتی ہیں یا وزارتوں کی شراکت داری ایک بڑے سیاسی علیحدگی کے فیصلے میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

Back to top button