چودھری سالک حسین کے”لْوز بال” پر وقتی رونق

تحریر: نصرت جاوید
چند دیرینہ قارئین نے کسی نہ کسی طرح میرا فون نمبر حاصل کرنے کے بعد گفتگو کے لئے پیغام لکھا اور میں بذاتِ خود انہیں فون کرنے کو مجبور ہوگیا۔ گفتگو کا آغاز ہوتے ہی وہ گلہ کرنے لگے کہ بنیادی طورپر یہ کالم وہ ملکی سیاست کے بارے میں تازہ ترین جاننے کے لئے پڑھتے ہیں۔ چند دوستوں کو اردو پڑھنے میں دِقت محسوس ہوتی ہے۔ 1980ء کے وسط سے مگر وہ انگریزی میں لکھے میرے کالم پڑھا کرتے تھے۔ ان دنوں بیرون ملک منتقل ہوچکے ہیں۔ مجھے پڑھنے کی عادت مگر انہیں ’’نوائے وقت‘‘ کی ویب سائٹ پر لے جاتی ہے۔ ان سب کایک سطری گلہ یہ تھا کہ میں ملکی سیاست کے بجائے ٹی وی ڈراموں کے بارے میں لکھناشروع ہوگیا ہوں۔ معلوم یہ بھی کرنا چاہا کہ سیاست سے گریز کسی ’’دباؤ‘‘ کی وجہ سے تو نہیں۔ قارئین کی محبت سے شرمسار ہوا وضاحتیں دیتا رہا۔ سمجھانے میں لیکن ناکام رہا کہ میں کسی دباؤ کی وجہ سے نہیں بلکہ برجستہ اور میری دانست میں جائز وجوہات کی بنا پر ملکی سیاست کو نظر انداز کرنا شروع ہوگیا ہوں۔
سیاست کے حوالے سے 2022ء کے برس عمران حکومت کی تحریک عدم اعتماد کے ذریعے وزارتِ عظمیٰ سے فراغت کے بعد بے تحاشہ ذاتی تجربات ومشاہدات کی بدولت بالآخردریافت یہ کیا ہے کہ وطن عزیز میں سیاست نام کی شے موجود ہی نہیں۔ فقط محلاتی سازشیں ہیں۔ حکمران اشرافیہ کے طاقت ور گروہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے اقتدار کے کھیل رچاتے ہیں۔ اصولوں اور نظریات وغیرہ کا ان سے کچھ لینا دینا نہیں۔ محلاتی سازشوں کو انتہائی قریب سے دیکھنے کے بعد ان سے جی اکتا گیا ہے۔ رزق کمانے کی مجبوری لاحق نہ ہوتی تو صحافت بھی چھوڑ دیتا جو اپنا وقار واعتبار ویسے بھی کھوبیٹھی ہے۔
لکھ اور بول کر رزق کمانا مگر لازمی ہو تو ایسے موضوعات تلاش کرنا پڑتے ہیں جو قارئین وناظرین کی معقول تعداد کے دل ودماغ میں موجود تجسس یا تعصبات کی تسکین کا باعث ہوں۔ دنیا بھر میں سیاست کے علاوہ خالصتاََ عالمی امور حتیٰ کہ معیشت جیسے خشک موضوعات پر بھی باقاعدگی سے لکھنے والے اکثر اپنی تحریروں میں ٹی وی پر مشہور ہوئے کسی سلسلہ وار کھیل کے کسی کردار کا ذکر کرنے کو اپنی بات سمجھانے کے لئے مجبور ہوجاتے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کے لئے معاشیات کا ایک دھانسو پروفیسر باقاعدگی سے کالم لکھا کرتا تھا۔ اس کا ایک کالم مجھے آج بھی یاد ہے جس کا آغاز اس نے امریکہ ہی نہیں دنیا کے کئی ممالک کے نوجوانوں میں مقبول گلوکارہ ٹیلر سوفٹ کے ایک گانے کے مصرع سے کیا تھا۔ نیٹ فلیکس پر چلے ’’ہاؤس آف کارڈز‘‘ کے چند مکالمے اور کردار بھی اکثر کالموں میں حوالے کے طورپر یاد کئے جاتے ہیں۔ دانشورانہ رعونت جھاڑنے کے لئے اردو میں لکھنے والے مگر ’’عامیوں‘‘ میں مقبول گانوں، ڈراموں یا فلموں کے ذکر سے گھبراتے ہیں۔
مزید بڑھنے سے قبل دیرینہ قارئین کی توجہ برقرار رکھنے کیلئے بیان کرنا ہوگا کہ مجھ سے رابطہ کرنے والوں کا بنیادی گلہ یہ تھا کہ گزشتہ دس دنوں سے ریگولر اور سوشل میڈیا پر چوہدری شجاعت حسین صاحب کے فرزند سالک حسین کے ایک بیان کا ذکر ہورہا ہے۔ نظر بظاہر یہ بیان انہوں نے ’’اچانک‘‘ ایک ٹی وی رپورٹر کو دیا۔ اس کے دوران پنجاب میں کرپشن کا ذکر ہوگیا۔ کرپشن کے ذکر نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ کو بھڑکادیا۔ تقریباََ 11دن قبل اٹک میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے طنزوحقارت سے مذکورہ بیان کا ذکر کیا۔
مذکورہ بیان کے عین ایک دن بعد میں نے ٹی وی شو میں اس بیان کے حوالے سے اٹھے سوال کا جواب دیتے ہوئے سرسری انداز میں اس سوچ کا اظہار کیا کہ ہمارے سیاستدانوں کا ایک گروہ سنجیدگی سے محسوس کررہا ہے کہ وطن عزیز میں سیاسی گیم لگانے والی قوتیں کسی نئے ’’بندوبستِ حکومت‘‘ کی تلاش میں ہیں۔ چوہدری سالک حسین کے نظر بظاہر برجستہ ادا کئے کلمات کو اس تناظر میں چڑھائی ہانڈی سے جوڑا جارہا ہے۔
چوہدری سالک حسین کے نظر بظاہر برجستہ ادا کئے کلمات کو یوں زیر بحث لائے بغیر آگے بڑھ گیا۔ میری گفتگو کے دودن بعد مگر میرے بھائی محمد مالک نے اپنے ٹی وی شو میں مسلم لیگ کے ایک سینئر ترین رہ نما کو مدعو کیا۔ خواجہ آصف ان کا نام ہے جو وزیر دفاع بھی ہیں۔ چوہدری سالک حسین کے بیان کو انہوں نے ’’متبادل نظام‘‘ کے متمنی افراد کی خواہشات کا اظہار بتایا۔ ریگولر اور سوشل میڈیا پر چھائے ’’ذہن سازوں‘‘ نے خواجہ صاحب کے ادا کردہ کلمات کو ’’خطرے کی گھنٹی‘‘ شمار کیا۔ دریں اثناء بھائی سہیل وڑائچ نے ’’اڑن کھٹولے‘‘ کی داستان بھی بیان کردی۔ ’’جی کے جانے‘‘ کی یوں گفتگو شروع ہوگئی۔ میں اس گفتگو میں حصہ ڈالنے سے گریز کو ترجیح دیتا رہا۔ خاموشی مگر کسی ’’دباؤ‘‘ یا لفافے کی وجہ سے اختیار نہیں کی تھی۔
نہایت سوچ سمجھ کر متعارف کروائے ’’بندوبستِ حکومت‘‘ کی بھی دوائیوں کی طرح ایکسپائری ڈیٹ (Expiry Date)ہوتی ہے۔ 2022ء سے 2024ء تک پہنچنے کے بعد ہمارے ہاں جو ’’بندوبستِ حکومت متعارف ہوا ہے اس کی افادیت بھی دائمی نہیں۔ اس کا متبادل درکار ہے اور اسے ڈھونڈا بھی جارہا ہے۔ متوقع بندوبستِ حکومت کے بنیادی خدوخال بھی لیکن ابھی تک طے نہیں ہوپائے ہیں۔
دریں اثناء ملکی دفاع کے حوالے سے ہمارے ایک اہم اور حساس ترین صوبے -خیبرپختونخوا- میں گورنر راج کو ہنگامی حالات کے تڑکے سمیت لاگو کیا جاچکا ہے۔ وہاں کی منتخب حکومت اور اسمبلی معطل ہیں۔ منتخب حکومت کی معطلی کے بعد حالات کو معمول پر لا نے کے لئے مولانا فضل الرحمن اور ان کی جماعت کا تعاون درکار تھا۔ اس جماعت سے بھی لیکن مخاصمت سنگین سے سنگین تر ہورہی ہے۔ ایسے عالم میں اٹک سے رحیم یار خان تک پھیلے صوبے میں 2024ء سے قائم حکومتی بندوبست کو چھیڑنا منطقی اعتبار سے درکار نہیں۔ مذکورہ حقیقت سے جبلی طورپر آگاہ ہوتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے منگل کے روز ایک بار پھر جہلم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ’’متبادل نظام‘‘ کے منتظر افراد کو للکارا ہے۔ ان کی للکار مگر فی الوقت کوئی سیاسی بھونچال نہیں اْکسائے گی۔ فقط ریگولر اور سوشل میڈیا پر کچھ دنوں کے لئے رونق لگی رہے گی۔
چوہدری سالک حسین کے بیان اور وزیر اعلیٰ مریم نواز صاحبہ کی للکار نے ریگولر اور سوشل میڈیا پر جو رونق لگارکھی ہے اس کے کئی ورڑن میں 1985سے ملکی سیاست میں دیکھ رہا ہوں۔ صوفی تبسم صاحب نے ایسی رونقوں کے آغاز وانجام کے بارے میں خبردار کررکھا ہے۔
چوہدری سالک حسین سے میری سرسری ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ان کے والد گرامی سے شناسائی کا آغاز مگر 1970ء کی دہائی سے ہوگیا تھا جب حبیب جالب مرحوم کا عاجز چمچہ ہوتے ہوئے میں انہیں چوہدری ظہور الٰہی مرحوم کے لاہور والے گھر موٹرسائیکل پر بٹھاکر لے جایا کرتا تھا۔ 1985ء کے بعد جن سیاستدانوں نے مجھ پر اندھا اعتماد کرتے ہوئے ’’اندر کی بات‘‘ لگی لپٹی رکھے بغیر ہمیشہ سمجھائی ان میں چوہدری شجاعت حسین سرِفہرست ہیں۔ وہ بہت زیرک ودور اندیش شخص ہیں۔ اقتدار کے کھیل کی حرکیات سے حیران کن حد تک آگاہ۔ چوہدری سالک حسین نے میری دانست میں اپنے والد کی تیار کردہ کسی گیم کو کھلنے کے لئے کرپشن والا بیان نہیں دیا ہے۔ سرِ راہ چند الفاظ برجستہ ادا کردیے اور بات کا بتنگڑ بن گیا۔ مریم نواز صاحبہ کے لیے ان کے ادا کردہ الفاظ اگرچہ ’’لوز بال‘‘ تھے جس کا وہ بھرپور فائدہ اٹھارہی ہیں۔ فی الوقت معاملہ اس سے زیادہ نہیں۔ وقتی رونق ہے۔ جلد بھلادی جائے گی۔
