امریکا سے خوش خبری

تحریر: حماد غزنوی
بشکریہ: روزنامہ جنگ
پیاری بیٹی تعبیر واشنگٹن میں رہتی ہے، پچھلے دو برسوں میں اکثر امریکا میں ہونیوالی مہنگائی کا رونا روتی رہتی ہے، ابھی کچھ دن پہلے بتا رہی تھی کہ ہفتے بھر کی گروسری جو ستر اسّی ڈالر میں ہو جاتی تھی، اب دگنے پیسوں میں ہوتی ہے، پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمت پر بھی پریشانی کا اظہار کرتی ہی رہتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں آپ یوں سمجھیے کہ تعبیر نے ہمیں امریکی مڈ ٹرم انتخابات کے نتائج سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔ ایسی ہوش ربا مہنگائی کے بعد ہم نے درجنوں ملکوں کے بیسیوں انتخابات میں حکم ران جماعت کو ہارتےہی دیکھا ہے۔ ٹرمپ صاحب کی ہار بھی نوشتہء دیوار تھی۔ سیاسی تجزیہ نگار تو ریپبلکن پارٹی کی ہار کے بہت سے اسباب گنوا رہے ہیں، مگر وہ سب عمومی مہنگائی کے فُٹ نوٹس ہیں۔تعبیر صاحبہ کچھ دن میں سالانہ چُھٹی پر پاکستان آنے کا ارادہ رکھتی ہیں، یہاں انکے ایجنڈے میں کئی شادیوں میں شرکت، حلوہ پوری اور امرتسری ہریسہ تناول فرمانا شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈینٹسٹ سے اپائنٹمنٹ بھی لے رکھی ہے۔ ہم نے دریافت کیا کہ آپ کے پاس تو امریکا میں ہیلتھ انشورنس ہے، تو وہاں علاج کیوں نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی انشورنس میں دانتوں کا علاج شامل نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زکام اور بخار کے باعث آج انہوں نے دو سو ڈالر کے کچھ سیدھے سیدھے بلڈ ٹیسٹ کروائے ہیں، کہنے لگیں انشورنس کمپنی نے کہا اگر علامات ظاہر ہونے سے پہلے ٹیسٹ کروائے جاتے تو مفت ہو جاتے۔ علامات ظاہر ہونے سے پہلے ٹیسٹ؟ یہ جو سینیٹر برنی سینڈر صبح شام امریکا کے بروکن ہیلتھ سسٹم کا تذکرہ کرتے رہتے ہیں تو مبالغہ نہیں کر رہے ہوتے۔ دنیا کے سب سے امیر ملک امریکا کا صحت کا نظام ایک رُلا دینے والا لطیفہ ہے۔ ادویہ ساز ادارے ادویہ کی قیمت خود مقرر کرتے ہیں اس پر کوئی سنجیدہ حکومتی چیک نہیں ہے، انشورنس کمپنیوں نے صحت کا مکمل نظام”اغوا” کیا ہوا ہے، امریکا میں صحت قریباً 7۔5 ٹریلین ڈالر کی انڈسٹری ہے، یہ پورا نظام ہی کارپوریشنز کی منفعت کیلئے بنا ہوا ہے، اس نظام کا عام آدمی کی صحت سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔ امریکا میں قانونی طور پر جو”بینک رپسیز”فائل کی جاتی ہیں ان میں سے 40 فی صد سے زائد طبی اخراجات کے باعث کی جاتی ہیں۔ لگ بھگ 10 کروڑ امریکی میڈیکل قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئےہیں۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی جیسے دوسرے امیر ممالک میں میڈیکل بینک رپسیز نہ ہونے کے برابر ہیں، اور افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ کھربوں ڈالر خرچنے کے باوجود امریکا اپنے ہم پلہ ممالک میں صحت کے اکثر اشاریوں میں اچھا خاصا پیچھے ہے۔ مفت یا سستے علاج کا نظام جو بہت سے یورپی ممالک میں رائج ہے، امریکا اس سے کوسوں دور نظر آتا ہے۔ سیاسی تجزیہ کار صحت کے نظام کی ناکامی کو امریکی شہریوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی کا ایک بنیادی سبب سمجھتے ہیں، جو کہ اب انتخابات کے نتائج پر واضع طور پر اثر انداز ہوتا نظر آنے لگا ہے۔امریکی مڈ ٹرم انتخابات کے نتائج کو مختلف طبقات اپنی اپنی عینک سے دیکھ رہے ہیں۔ دنیا بھر کے جمہوریت پسند ان نتائج کو جمہوریت کی فتح قرار دے رہے ہیں۔ در حقیقت جمہوریت کے حامیوں نے بہت دن بعد کوئی خوش خبری سنی ہے، بہت دنوں سے مغربی ممالک میں ہونیوالے انتخابات اور سروے تنگ نظر قوتوں کے فروغ کی تصدیق کرتے رہے ہیں، جرمنی میں اے ایف ڈی، فرانس میں نیشنل ریلی، آسٹریا میں فریڈم پارٹی،اٹلی میں برادرانِ اٹلی، پرتگال میں چیگا پارٹی، اور برطانیہ میں ریفارم پارٹی جیسی قوتیں توانا تر ہوتی جاتی ہیں۔ مختلف ممالک کے عوام جمہوری نظام سے غیر مطمئن ہونے کے اشارے دے رہے ہیں، ایسے میں امریکی انتخابات نے جمہوریت کے اندر رہتے ہوئے جمہوریت کے عیوب رفع کرنے کی عملی راہ سجھائی ہے۔ ٹرمپ صاحب کی سیاست میں آئین ایک ثانوی حیثیت رکھتا ہے، چیک اینڈ بیلنس جو امریکی آئین کی روح ہے، ٹرمپ اسے”بدروح” سمجھتے ہیں، لہٰذا ان کی پارٹی کی ہارپر جمہوریت پسندوں کی خوشی قابلِ فہم ہے۔ ان انتخابات سے دنیا کی نظر میں امریکی قوم کی عزت بحال ہوئی ہے، امریکی عوام جس نوع کے لیڈر چننے لگے تھے اس سے تو یوں لگنے لگا تھا کہ وہ جمہوری نظام سے باہر نکلنے کی دہلیز پر آ پہنچے ہیں۔ اس الیکشن میں امریکیوں نے اپنے” وے آف لائف”کے تحفظ کے حق میں فیصلہ دیا ہے، ڈائے ورسٹی کے حق میں، لبرلزم کے حق میں، سو نتیجہ یہ ہے کہ پہلا مسلمان سینیٹر منتخب ہوا، امریکا میں پہلی سیاہ فام خاتون گورنر جارجیا میں جیتی، کیلے فورنیا اور ٹیکساس میں پہلے ہسپانوی نسل کے گورنر بنے، پہلی نیٹو امریکن خاتون سینیٹر بنی، ایک علانیہ ہم جنس پرست نیو ہیمپ شائر سے سینیٹر منتخب ہو گیا، اور بھی ایسی کئی مثالیں ہیں۔ اسرائیل کے علانیہ مخالفین کو بھی امریکی عوام نے منتخب کیا ہے، جو بہ ذاتِ خود ایک بڑی تبدیلی ہے۔ امریکی عوام نے ان انتخابات میں ارب پتیوں کے امیدواروں کو چن چن کے رسوا کر کے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ مال و زر کو امریکی جمہوری نظام اغوا نہیں کرنے دینگے۔ بلا شبہ، امریکی عوام جیت گئے ہیں۔دنیا بھر کی جمہوریتوں کو سرمایہ داری نظام سے خطرہ ہے، کارپوریشنز کی ان حد طمع نے جمہوری نظام کی شکل مسخ کر دی ہے، ارب پتیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، غریب کیلئے دو وقت کی روٹی تعیش ہو گئی ہے، ان حالات میں امریکی مڈ ٹرم انتخاب ایک پیغام دے رہے ہیں، جمہوریت کے اندر رہ کر مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے، اس نظام کے داخل میں تطہیر کا عمل گندھا ہوا ہے، جمہوریت سے باہر خلا ہی خلا ہے، ان دیکھا، مہیب خلا۔

 

Back to top button