علامہ اقبال اور بنگلہ دیش

تحریر: حامد میر
بشکریہ: روزنامہ جنگ
سوالات کی بھرمار ہے۔ اکثر سوالات نے ایک ٹی وی شو پر ہونے والی گفتگو سے جنم لیا ہے اور یہ سوالات مجھ سے پوچھے گئے ہیں کیونکہ اس ٹی وی شو کا میزبان میں تھا۔ 9 نومبر کو یومِ اقبال کی مناسبت سے جیو نیوز پر "کیپیٹل ٹاک” میں سابق سینیٹر مشاہد حسین سید، علامہ اقبال فورم کے سربراہ ذوالفقار چیمہ اور علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس دن وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ علامہ اقبال کے 150ویں یومِ پیدائش کے سلسلے میں 2027ء کو اقبال کے سال کے طور پر منایا جائے گا اور پاکستان کے اندر ہی نہیں، پاکستان سے باہر بھی تقریبات منعقد ہوں گی۔
پروگرام میں مشاہد حسین سید نے بتایا کہ وہ جنوبی کوریا کے شہر سیول میں ایشیا کی سیاسی جماعتوں کی ایک کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس آئے ہیں۔وہاں انہیں بنگلہ دیش کی نیشنل سٹیزن پارٹی کا ایک وفد ملا، جس نے مشاہد حسین سید سے کہا کہ بنگلہ دیش میں ایک علامہ اقبال انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ مشاہد حسین چار دفعہ سینیٹ کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔ پاک چائنہ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے بہت پہلے یہ دعویٰ کر دیا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ کو شکست ہوگی اور اس شکست کے بعد نومبر 2026ء کے مڈ ٹرم الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ بھی سیاسی شکست سے دوچار ہوں گے۔ مشاہد حسین سید کی دونوں پیشین گوئیاں درست ثابت ہوئیں، لہٰذا جب انہوں نے بنگلہ دیش کی نیشنل سٹیزن پارٹی کی طرف سےعلامہ اقبال انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی خواہش ذکر کیا تو ان کی بات سننے والے کئی ناظرین نے یہ سوچنا شروع کر دیا کہ بنگلہ دیش میں علامہ اقبال اتنے اہم کیوں ہو گئے ہیں؟یہ سوال مجھ سے بھی کئی لوگوں نے پوچھا کہ علامہ اقبال تو پاکستان کے "قومی شاعر” ہیں، ان کے نام پر بنگلہ دیش میں انسٹی ٹیوٹ کیوں قائم کیا جائے؟ اسی طرح کے دیگر سوالات بھی پوچھے جا رہے تھے۔ ایران میں علامہ اقبال کیوں مقبول ہیں؟ تاجکستان میں اقبال کی نظمیں "قومی ترانے” کے طور پر کیوں گائی جاتی ہیں؟ اقبال نے افغانستان کو ایشیا کا دل کیوں کہا؟سعودی عرب نے یومِ اقبال پر ایک پیغام کیوں جاری کیا؟ سوالات بہت زیادہ تھے اور میری علمی استعداد بہت کم ہے۔ میں علامہ اقبال کے بارے میں جھوٹ لکھنے والوں کی فکری بددیانتی کو بے نقاب کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہوں لیکن خود کو شاعرِ مشرق کی فکر اور فلسفے کی گہرائی پر گفتگو کرنے کے قابل نہیں سمجھتا۔ علامہ اقبال کی فکر اور فلسفہ صرف برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کیلئے نہیں تھا۔ ان کا فلسفۂ خودی اور پیغام انقلاب دنیا کے ہر مظلوم کو اپنی طرف کھینچتاہے۔ 10 نومبر کو مجھے ڈھاکہ سے ایک صحافی نے وہاں کے ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کا لنک بھیجا۔ یہ خبر 9 نومبر کو ڈھاکہ یونیورسٹی میں یومِ اقبال کی ایک تقریب کے بارے میں تھی جس کا عنوان "ہم اور اقبال 2026” تھا۔ اس تقریب کی صدارت بنگلہ دیش کے معروف دانشور اور علامہ اقبال پر کئی بنگالی کتابوں کے مصنف فہمید الرحمان نے کی، جبکہ مقررین میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر اور بنگلہ دیش میں ایران کے سفیرجلیل رحیمی جہان آبادی بھی شامل تھے۔ یہ بنگلہ دیشی صحافی اس تقریب میں موجود تھا اور علامہ اقبال کے بارے میں ایرانی سفیر کے خیالات سے بہت متاثر ہوا۔ یہ دوست پوچھ رہا تھا کہ علامہ اقبال کے بارے میں ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی کتاب کا انگریزی ترجمہ کہاں سے ملے گا؟
میں نے اس دوست کو خامنہ ای کی کتاب کے بارے میں تفصیلات بتانے کے بعد پوچھا کہ بنگلہ دیش میں علامہ اقبال اتنے مقبول کیوں ہیں؟ اس صحافی دوست نے کہا کہ بنگلہ دیشی نوجوانوں میں علامہ اقبال کی مقبولیت کا احساس اُسے 21 اپریل 2025ء کو ہوا جب ڈھاکہ یونیورسٹی کی جامع مسجد میں انقلابی طلبہ کونسل کے ایک بڑے اجتماع میں مطالبہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں علامہ اقبال کے نام پر ایک نیا ہاسٹل قائم کیا جائے۔ اس مطالبے کی وجہ یہ تھی کہ 1971ء سے پہلے ڈھاکہ یونیورسٹی میں ایک اقبال ہال موجود تھا لیکن پاکستان دو لخت ہونے کے بعد اس اقبال ہال کا نام بدل دیا گیا۔ بنگلہ دیش کی نئی نسل میں مسلم نیشنل ازم کا احساس بہت گہرا ہے اور انہیں پتہ ہے کہ آل انڈیا مسلم لیگ 1906ء میں ڈھاکہ میں قائم ہوئی تھی۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ مسلم تشخص کے تحفظ کیلئے ایک علیحدہ ریاست یا ریاستوں کا خیال بھی علامہ اقبال نے ہی پیش کیا تھا اور 23 مارچ 1940ء کو قراردادِ لاہور پیش کرنے کا اعزاز اے کے فضل الحق کو حاصل ہوا جو متحدہ بنگال کے وزیراعظم تھے۔ 1947ءمیں پاکستان بن گیا اور1971ء میں ٹوٹ بھی گیا لیکن مشرقی بنگال نے مغربی پاکستان سے جدا ہو کر اپنے مسلم تشخص کو بنگلہ دیش کی صورت میں قائم رکھا اور بھارت میں شامل ہونےسے انکار کر دیا۔ ڈھاکہ یونیورسٹی کی انقلابی طلبہ کونسل کے کنوینر عبدالواحد کا خیال ہے کہ بنگلہ دیش کی آزادی بھی دراصل اقبال کی فکری تحریک سے منسلک ہے کیونکہ اقبال نے سامراج سے آزادی کیساتھ ساتھ جبر و استبداد کیخلاف مزاحمت کا پیغام بھی دیا تھا۔ سیول میں مشاہد حسین سید کی جس بنگلہ دیشی وفد سے ملاقات ہوئی اُس میں این سی پی کے ترجمان آصف محمود، نصیر الدین پٹواری اور منیرہ شرمین شامل تھے۔
یہ نوجوان بنگلہ دیش میں علامہ اقبال کا پیغام زندہ رکھنےکیلئے ایک انسٹیٹیوٹ کا قیام چاہتے ہیں۔ میرے خیال میں اس ادارے کے قیام میں پاکستان کے علاوہ ترکی، ایران، مصر اور سعودی عرب بھی کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ اقبال نے عالمِ اسلام کے اتحاد کا درس دیا۔ پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کا ایک دفاعی اتحاد بن چکا ہے۔ آنیوالے وقت میں ایران اور بنگلہ دیش بھی اس اتحاد میں شامل ہو سکتے ہیں۔ علامہ اقبال کا کلام بہت عرصہ قبل عربی، ترکی اور بنگالی سمیت دیگر زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ بنگالی زبان کے ایک شاعر محمد سلطان نے 1946ء میں اقبال کی نظموں "شکوہ” اور "جوابِ شکوہ” کا بنگالی میں ترجمہ کیا تو قاضی نذر الاسلام جیسے عظیم شاعر نے اس ترجمے کی بہت تعریف کی تھی۔ علامہ اقبال نے محمد علی جناح کو 1937 میں جو خطوط لکھے اُن خطوط پر مشتمل کتاب کا پہلا بنگالی ترجمہ خود جناح نے 1945ء میں شائع کرایا۔ ان خطوط میں اقبال نے شمال مغربی ہندوستان کے علاوہ بنگال کے مسلمانوں کے حقِ خود اختیاری کی بھی حمایت کی تھی۔ انہی خطوط میں اقبال نے فلسطین کی تقسیم کی مخالفت کی اور کہا کہ وہ فلسطین کی خاطر جیل جانے کو بھی تیار ہیں۔ وہ اقبال جو بڑھاپے میں فلسطین کی خاطر جیل جانے کیلئے تیار تھے، آج بنگلہ دیش کے نوجوان اسی اقبال کی فکر کو ایک ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔ اس معاملے پر بنگلہ دیش کی حکومت کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ فکر اقبال صرف پاکستان میں نہیں بلکہ بنگلہ دیش سمیت پورے عالم اسلام میں سامراج کے خلاف مزاحمت اور آزادی کا استعارہ ہے ۔
