دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلیے حکومت پرعزم ہے: وزیراعظم

 

 

 

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا کہ پاکستان کے امن واستحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا، دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کےلیے حکومت پرعزم ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی،شہید ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا،شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

محمد شہباز شریف نے کہاکہ پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی، 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبرپختونخوا پولیس کی دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ بےامنی پھیلانےکی مذموم کوشش ہے،ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابوکچ میں غیر قانونی سونے کی مائننگ کرنےوالے عناصر کےخلاف آپریشن کیا۔

آپریشن مکمل کرنے کےبعد واپس لوٹنے والی پولیس پارٹی پر جرائم پیشہ عناصر کے ایماء پر فتنہ الخوارج نے حملہ کردیا،پولیس جوانوں نے حملہ آوروں کا انتہائی بہادری اور جواں مردی سے مقابلہ کیا،جس کے نتیجے میں 18 خوارج جہنم واصل ہوئے۔

اس دوران بہادری سے لڑتےہوئے خیبرپختونخوا پولیس کے ڈی ایس پی سمیت 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا،بیرونی قوتوں کے ایماء پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس امر کا واضح ثبوت ہےکہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج آپس میں منظم روابط رکھتےہیں۔

 

Back to top button