چوہدری سالک کرپشن کے ثبوت لائیں میں ساتھ دوں گا : رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثنا اللہ کا کہنا ہے کہ چوہدری سالک کرپشن کے الزامات سے متعلق ٹھوس شواہد اور ملوث افراد کے نام سامنے لائیں، وہ ان کا ساتھ دینے کےلیے تیار ہیں۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ چوہدری سالک کے کرپشن سے متعلق بیان کو میڈیا نے نمایاں کیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی اس معاملے پر جواب دینا پڑا۔
انہوں نے کہاکہ چوہدری سالک کی بات کا جواب دینا وزیراعلیٰ پنجاب پر واجب تھا، وزیراعلیٰ نے جس جرات کے ساتھ جواب دیا دل گواہی دیتا ہےکہ بندہ سچا ہوتو ایسا جواب دے سکتا ہے،
رانا ثنا اللہ نے کہاکہ ایسا تاثر لیاگیا کہ چوہدری سالک پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بارے میں بات کررہے ہیں،حالانکہ اس معاملے کو واضح کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ اگر ان کے خلاف ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو وہ جوابدہ ہوں گی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر چوہدری سالک کے پاس کرپشن کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں،وہ ان کا ساتھ دیں گے۔چوہدری سالک کو چاہیےکہ وہ واضح طور پر بتائیں کہ کون سا شخص کرپشن میں ملوث ہے اور اس کا نام سامنے لائیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین جینٹل مین اور شریف آدمی ہیں، چوہدری سالک جس ماحول میں اٹھتے بیٹھتے ہیں وہاں شاید یہ تھیوری ڈسکس ہوتی ہے کہ یہ اور وہ ہو رہا ہے،میرا خیال ہےکہ شاید چوہدری سالک ایسی جگہ دو چار دس دفعہ بیٹھے ہوں گے،میں جانتا ہوں ان لوگوں کو جن میں ان کا اٹھنا بیٹھنا ہے،اس لیے ان سے یہ بات ہوگئی۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ ایک وفاقی وزیر جس کا بھائی صوبے میں وزیر ہو اس طرح بات کرنا کہ فائلیں بن رہی ہیں! یہ باتیں ہر دور میں ہم سنتےرہے ہیں کہ فائلیں بن رہی ہیں ہر چیز نوٹ ہو رہی ہے،لیکن بعد میں کوئی ثبوت نہیں آیا،میرا خیال ہےکہ ان باتوں سے متاثر ہو کر چوہدری سالک نے یہ بات کردی ہے۔
