منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہیٰ کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

منی لانڈرنگ کیس میں لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پرویز الہیٰ کو آج جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لیا تھا۔
گزشتہ روز لاہور میں اینٹی کرپشن کی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کےکیس میں پرویز الہیٰ کی بعد ازگرفتاری ضمانت منظور کی تھی تاہم جیل حکام کو روبکار موصول نہ ہونے کے باعث پرویز الہیٰ گزشتہ روز جیل سے رہا نہ ہوسکے تھے۔
آج صبح صدر پی ٹی آئی کو جیل سے رہا ہوتے ہی ایف آئی اے نےگرفتار کرلیا اور انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا۔
رہائی سے قبل سروسز اسپتال کے ڈاکٹروں نےکیمپ جیل میں پرویز الہیٰ کا طبی معائنہ کیا جس میں ڈاکٹروں نے پرویز الہیٰ کو صحت مند قرار دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الہیٰ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا، ایف آئی اے نے پرویز الہیٰ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
ایف آئی اے نے پرویز الہیٰ کو 5 کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔
دوسری جانب پرویز الہیٰ نے مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست میں ایف آئی اے اور پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ چوہدری پرویز الہیٰ سابق وزیراعلی پنجاب رہے، ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے اور منی لانڈرنگ مقدمےمیں حفاظتی ضمانت منظور کرے۔
