شیخ رشید کی عدم بازیابی،عدالت نے ایک ہفتے میں رپورٹ مانگ لی

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پنڈی پولیس کو شیخ رشید سے متعلق ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی حراست کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پوچھا کہ آر پی او صاحب بتائیں شیخ رشید سے متعلق کیا پیشرفت ہے؟ آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے جواب دیا کہ شیخ رشید ہمارےپاس نہیں اورجہاں سےحراست میں لیاگیا وہ بھی ہماری حدود نہیں۔
آر پی او کے جواب پر عدالت نے کہا کیا آپ لکھ کر دینےکو تیار ہیں شیخ رشید آپ کے پاس نہیں؟ اگرکل کو شیخ رشید راولپنڈی سے برآمد ہوا تو آپ کے خلاف کیس چلے گا تاہم آر پی او راولپنڈی نے عدالت سے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔
عدالت نے کہا کہ ایک ہفتے کےاندر شیخ رشید اور اس کے ساتھ گرفتار 2 دیگر اشخاص سے متعلق آگاہ کریں، آرپی اوصاحب امید ہے آپ شیخ رشید سے متعلق اچھی پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔
شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس نے گرفتارکیا ہے،
ہمارے پاس شواہد موجود ہیں۔
