کیا واقعی PTIکا نیا سائفر ڈرامہ، عمران خان کے گلے کا طوق بننے والا ہے؟

پی ٹی آئی کی طرف سے رچایا جانے والاسائفرکانیاڈرامہ عمران خان کیلئے قانونی پھندا بنتا دکھائی دیتا ہے۔قانونی ماہرین کے مطابق گیر ملکی نیوز ویب سائٹ’ڈراپ سائٹ‘ میں مبینہ سائفر کی کاپی چھپنے کے بعدحکومت کو سائفر  کیس کی دوبارہ تفتیش کرنے کیلئے نئی ٹھوس گراؤنڈ مل گئی ہئ دوران تحقیقات اگر ثابت ہو گیا کہ سائھر کی کاپی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے امریکی ویب سائٹ کو پہنچائی ہے تو ان کا انجام سے بچنا مشکل ہو جائے گا۔ خفیہ دستاویز غیر ملکی ویب سائٹ کو فراہم کرنے پر عمران خان کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔ جس میں انھیں لمبی قید کے علاوہ پھانسی تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

مبصرین کے مطابق پاکستان کی سیاست میں ہلچل مچانے والا سائفر کیس ایک بار پھر مرکزِ نگاہ بن چکا ہے، مگر اس بار معاملہ صرف سیاسی بیانیے یا عوامی ہمدردی تک محدود دکھائی نہیں دیتا۔ مبینہ خفیہ سفارتی دستاویز کی نئی کاپی منظر عام پر آنے کے بعد یہ کیس ایک مرتبہ پھر قانونی، آئینی اور قومی سلامتی کے سنگین سوالات کے گرد گھومنے لگا ہے۔پاکستان تحریک انصاف جہاں اس معاملے کو اپنے سیاسی مؤقف کی تقویت کے طور پر پیش کر رہی ہے، وہیں قانونی حلقوں میں یہ بحث زور پکڑ رہی ہے کہ یہی معاملہ عمران خان کے لیے ایک نئے قانونی طوفان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ خاص طور پر اس دعوے نے صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے کہ مبینہ کلاسیفائیڈ دستاویز امریکی ویب سائٹ تک کیسے پہنچی اور آیا یہ وہی کاپی تو نہیں جو سابق وزیر اعظم کو دی گئی تھی۔مبصرین کے مطابق اگر تحقیقات میں یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ حساس دستاویز جان بوجھ کر محفوظ نہیں رکھی گئی یا بیرونی پلیٹ فارم تک منتقل ہوئی، تو معاملہ صرف سیاسی تنازع نہیں رہے گا بلکہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سنگین قانونی نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سائفر ایک بار پھر پاکستانی سیاست اور قانون کے سنگم پر کھڑا ایک بڑا سوال بن چکا ہے۔

ناقدین کے بقول حالیہ دنوں دوبارہ سامنے آنے والے سائفر کیس کے اثرات صرف سیاسی بیانیے تک محدود نہیں بلکہ قانونی پیچیدگیوں اور قومی سلامتی کے حساس معاملات تک جا پہنچے ہیں۔حال ہی میں ایک امریکی ویب سائٹ ڈراپ سائٹ کی جانب سے مبینہ خفیہ سفارتی دستاویز یعنی سائفر کی کاپی منظر عام پر لانے کے دعوے کے بعد یہ معاملہ دوبارہ سرخیوں میں آ گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اس پیش رفت کو اپنے مؤقف کی حمایت کے طور پر پیش کر رہی ہے کہ عمران خان کی حکومت ایک بین الاقوامی سازش کا شکار ہوئی تھی، مگر دوسری جانب قانونی ماہرین اور حکومتی حلقے اسے ایک نئے قانونی بحران کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں بری کر چکی ہے، تاہم نئی مبینہ دستاویز سامنے آنے کے بعد حکومت کو دوبارہ تحقیقات یا نئی قانونی کارروائی کا جواز مل سکتا ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق اگر یہ ثابت ہو جائے کہ منظر عام پر آنے والی کاپی وہی ہے جو بطور وزیر اعظم عمران خان کو موصول ہوئی تھی، تو یہ معاملہ دوبارہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے دائرے میں آ سکتا ہے۔ خاص طور پر اس تناظر میں کہ عمران خان خود ماضی میں سائفر کی کاپی گم ہونے کا اعتراف کر چکے ہیں۔تحقیقات کا اہم ترین پہلو اب یہ ہوگا کہ امریکی ویب سائٹ تک پہنچنے والی مبینہ دستاویز کس مخصوص کوڈ یا نمبر کی حامل تھی۔ سفارتی نظام میں ہر حساس کیبل یا سائفر کی مخصوص شناخت ہوتی ہے، اور اس کی ترسیل، تقسیم اور واپسی کا مکمل ریکارڈ وزارت خارجہ اور متعلقہ اداروں کے پاس محفوظ ہوتا ہے۔

اگر تفتیشی ادارے یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں کہ لیک ہونے والی دستاویز وہی کاپی تھی جو سابق وزیر اعظم کو دی گئی تھی اور وہ واپس سرکاری ریکارڈ میں جمع نہیں کروائی گئی، تو عمران خان کا قانونی دفاع کمزور پڑ سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923 اور اس میں کی گئی حالیہ ترامیم کے تحت حساس سرکاری دستاویزات کو غیر محفوظ رکھنا یا انہیں گم کرنا بھی ایک قابل سزا جرم ہے۔ اگر کسی عہدے دار کی غفلت یا لاپرواہی کے باعث خفیہ دستاویزات غیر متعلقہ افراد یا اداروں تک پہنچ جائیں تو یہ جرم مزید سنگین نوعیت اختیار کر سکتا ہے۔

قانونی حلقوں میں یہ بحث بھی جاری ہے کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ حساس دستاویز جان بوجھ کر کسی غیر ملکی پلیٹ فارم یا ادارے تک پہنچائی گئی، تو اس کے نتائج انتہائی سخت ہو سکتے ہیں۔ بعض ماہرین کے مطابق ایسی صورتحال میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سخت سزاؤں کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ بعض قانونی ماہرین کے بقول اگرچہ اسلام آباد ہائی کورٹ عمران خان کو سائفر کیس میں تکنیکی بنیادوں پر بری کر چکی ہے لیکن ریاست اس نئی دستاویز کے سامنے آنے کے بعد ایک بالکل نیا مقدمہ یا انکوائری شروع کر سکتی ہے کیونکہ قانون کے تحت وزرائے اعظم ، حساس دستاویزات کو اپنے ساتھ لے جانے یا انہیں اپنے پاس رکھنے کے مجاز نہیں ہوتے ، اس لیے حکومت یہ موقف اپنا سکتی ہے کہ گمشدہ کاپی کا غیر ملکی میڈیا کے ہاتھ لگنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اسے جان بوجھ کر چھپا کر رکھا گیا یا منتقل کیا گیا۔ منظر عام پر آنے والی سائمر کی کاپی اگر اصلی ہے تو حکومت اور متعلقہ تفتیش کاروں کے لیے اب سب سے بڑا نکتہ یہ ہوگا کہ ڈراپ سائٹ نیوز کے پاس موجود کاپی کس نمبر کی ہے۔ وزارت خارجہ کے ریکارڈ کے مطابق ہر سائفر کی کاپی کا ایک مخصوص نمبر اور کوڈ ہوتا ہے جو متعین عہدیدار، جیسے وزیر اعظم، وزیر خارجہ یا آرمی چیف کو دیا جاتا ہے۔ اگر تحقیقات میں یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ لیک ہونے والی کاپی وہی ہے جو عمران خان کو دی گئی تھی، تو ان کا یہ دفاع کہ ” کاپی گم ہوگئی تھی کمزور پڑ جائے گا۔

مبصرین کے بقول قانون کی نظر میں حساس دستاویز کو محفوظ نہ رکھنا بھی مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ ، آرڈینس انیس سو تئیس اور اس کی حالیہ ترامیم دو ہزارانیس کے تحت حساس سرکاری دستاویزات بارے سخت قوانین موجود ہیں۔ اگر کوئی عہدیدارلا پروائی یا غفلت کے باعث کسی کلاسیفائیڈ دستاویز کوغیرمحفوظ چھوڑتا ہے یا اسے گم کر دیتا ہے، تو قانون کے تحت اسے تین سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔ اور اگر تفتیش میں یہ ثابت ہو جائے کہ دستاویز کسی دشمن یا غیر متعلقہ شخص یا ادارے کو جان بوجھ کر دی گئی جس سے ملکی مفاد کو نقصان پہنچا ہو تو یہ جرم چودہ برس تک قید یا سزائے موت کے زمرے میں بھی آسکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سیاسی طور پر بھی یہ معاملہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ پی ٹی آئی اس معاملے کو اپنے بیانیے کے حق میں استعمال کر رہی ہے، جبکہ حکومت اسے ایک ممکنہ قانونی کمزوری کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ اسی لیے سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ سائفر کیس آنے والے دنوں میں ایک بار پھر ملکی سیاست کا بڑا محور بن سکتا ہے۔حکومت پہلے ہی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر چکی ہے، اور اب نئی مبینہ دستاویز سامنے آنے کے بعد یہ امکان بڑھ گیا ہے کہ کیس دوبارہ شدت اختیار کرے گا۔ ناقدین کے بقول یہ معاملہ صرف ایک سیاسی تنازع نہیں بلکہ اس نے پاکستان میں خفیہ سرکاری دستاویزات کی حفاظت، ریاستی رازوں کے تحفظ اور قومی سلامتی سے متعلق قانونی نظام پر بھی کئی اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے بقول جس سائفر کاپی کے منظر عام پر آنے کے بعد پی ٹی آئی لڈیاں ڈال رہی ہے، اس نے حکومت کو ایک نیا اور ٹھوس قانونی گراؤنڈ فراہم کر دیا ہے جو آنے والے دنوں میں عمران خان کے گلے کا طوق بن سکتا ہے۔

Back to top button