اداکارہ مومنہ اقبال کی ہراساں کرنے کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے سیاسی شخصیت کو طلب کرلیا

 

 

 

معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسانی اور سائبر بُلنگ کے سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد این سی سی آئی اے نے اداکارہ کی درخواست پر باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کرتےہوئے ایم پی اے کو طلب کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے فریقین کو پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھاکہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی،سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ انہوں نے اس معاملے کی متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں لیکن مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث کارروائی نہیں ہوسکی۔اداکارہ مومنہ کے مطابق انصاف فراہم کرنے کےبجائے ان کی حوصلہ شکنی کی گئی جب کہ انہیں اور ان کے اہلخانہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اداکارہ مومنہ اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھاکہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ان کے خاندان کو فوری تحفظ فراہم کیاجائے۔

اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ پر این سی سی آئی کی جانب سے لیے جانے والے ایکشن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ میرے آفیشل بیان ریکارڈ کروانے سے قبل کسی پر الزام عائد اور کسی کا نام نہ لیا جائے۔

 

مومنہ اقبال نے کہاکہ انہیں مزید خواتین کے بھی میسجز موصول ہو رہے ہیں جنہوں نے اسی ایم پی اے کی جانب سے ہراساں کرنے کا بتایاہے۔

 

Back to top button