جوائنٹ ایکشن کمیٹی نےکشمیر کاز کو نقصان پہنچانےکی کوشش کی،عطاتارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ کاکہناہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا اور کشمیر کا پاکستان سے رشتہ کمزور کرنا چاہتی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قوم کو کچھ اہم حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی اداروں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروس فراہم کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا، جس کی فراہم کردہ ڈیجیٹل سروسز کے تانے بانے بھارت سے ملتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف مواد کو وائرل کرنے کے لیے ادائیگیاں بھارت سے کی جا رہی تھیں اور تحقیقات کے دوران اس شخص سے تمام اہم معلومات حاصل کی گئیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بوٹ فارمز کے ذریعے مس انفارمیشن کا ایک پورا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا، جس کا تعلق بھارت سے ہے۔ پاکستان، اس کی سالمیت، حکومت، فوج، آرمی چیف اور دیگر اداروں کے خلاف مواد کو سوشل میڈیا پر وائرل کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دورانِ تفتیش گرفتار شخص نے انکشاف کیا کہ اسے موصول ہونے والے زیادہ تر مواد کا تعلق آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت شروع سے یہ مؤقف اختیار کرتی آئی ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا اور کشمیر کا پاکستان سے رشتہ کمزور کرنا چاہتی ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کشمیر کاز یا کشمیری عوام کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں، اگر وہ واقعی کشمیر کاز سے مخلص ہیں تو انتخابات میں حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ ان عناصر نے پرتشدد احتجاج کے ذریعے کشمیری پولیس اہلکاروں کو شہید کیا، تشدد کی سیاست کو فروغ دیا اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ان عناصر کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں اور حکومت کے پاس اس حوالے سے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ اور ڈنڈوں کے زور پر ایسی تحریک چلانے کی کوشش کی گئی جس کا نہ کشمیر کاز سے تعلق تھا اور نہ ہی کشمیری عوام کے مفاد سے۔
