مون سون بارشوں سےحادثات،اموات100سےتجاوزکرگئیں

ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث اموات کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔
این ڈی ایم اےپنجاب میں مزید سات اور خیبرپختونخوا میں 3 اموات کی تصدیق کی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے دن ایک بجے تک کے 24 گھنٹوں پر مبنی جاری کردہ روزانہ صورتحال رپورٹ کے مطابق پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ اور اوکاڑہ میں 2، 2 اموات ریکارڈ کی گئیں، جبکہ سرگودھا، نارووال اور سیالکوٹ میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔
خیبرپختونخوا میں ہنگو میں 2 اور شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اتھارٹی کے مطابق اموات کی وجوہات میں مکانات کا انہدام، کرنٹ لگنا اور ڈوبنا شامل ہیں۔
اسی 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں کم از کم 47 افراد زخمی ہوئے، جبکہ خیبرپختونخوا کے ہنگو میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے اب تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران مجموعی طور پر 107 اموات ہو چکی ہیں۔
سب سے زیادہ 55 اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں، اس کے بعد پنجاب میں 36، آزاد جموں کشمیر میں 7، بلوچستان میں 6، سندھ میں 2 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص کی موت ریکارڈ کی گئی۔
