پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس : صدر اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، تزویراتی تعاون اور غیر متزلزل دوستی کی بہترین مثال ہیں۔ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود پاکستان اور چین ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جب کہ پاک چین تزویراتی شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام پاک چین دوستی پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی جدت، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی کے میدان میں کامیابیوں کو سراہا۔ پاکستان، چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ،گلوبل سکیورٹی اور گلوبل سویلائزیشن اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو عالمی امن اور پائیدار ترقی کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ’ون چائنا‘ اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور چین کے بنیادی مفادات سے متعلق تمام امور پر پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔پاکستان اپنی خود مختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کےلیے چین کی غیرمتزلزل حمایت کو سراہتا ہے۔گلوبل ساؤتھ کےلیے چین کی قیادت اور مغربی ایشیا میں امن کے قیام کےلیے اس کے مثبت کردار کو بھی سراہتے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقی کے عمل کو مزید تیز کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ٹیکنالوجی، زراعت، گرین انرجی، سیاحت اور جدت طرازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
صدر زرداری نے پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی آنے والے برسوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر اپنے خصوصی پیغام میں دونوں ممالک کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ اس تاریخی سنگِ میل کو شایان شان انداز میں منانا پاکستان اور چین کے تعلقات کی گہرائی،وسعت، مضبوطی اور تابناک مستقبل کی عکاس ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کے عوام، چین کے عوام کےلیے حقیقی طور پر بےحد عزت و احترام اور دلی محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔باہمی اعتماد، خود مختار برابری اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی ہمارے دوطرفہ تعلقات اور مثالی دوستی ایک مضبوط ’ہرموسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری‘ میں تبدیل ہوچکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے جدیدیت، اختراع،غربت کے خاتمے اور قومی احیا کے میدان میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے، جو ترقی پذیر ممالک کےلیے باعثِ تحریک ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ’ایک چین‘ کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور قومی ترجیحات میں چین کی معاونت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک (CPEC) نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے تحفظ، صنعتی تعاون میں بےپناہ کردار ادا کیا ہے۔پاکستان،سی پیک کے اگلےمرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کےلیے پُرعزم ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، جدت،خلائی معاونت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں جیسے نئے شعبوں تک وسعت اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہِ قراقرم سے لےکر خلائی تعاون تک، پاک چین دوستی پائیدار تزویراتی اعتماد کو عملی ترقی اور مشترکہ خوش حالی میں بدلنے کی روشن مثال ہے۔بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تغیر پذیر دنیا میں پاکستان اور چین کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔
