محسن نقوی نے تربت میں ایف سی کے جدید ترین ہسپتال کا افتتاح کردیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں ایف سی کے جدید ترین ہسپتال کا افتتاح کردیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساوتھ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، وفاقی وزیرداخلہ نے جدید ہسپتال کو مختصر مدت میں مکمل کرنے پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساوتھ) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
سینیٹر محسن نقوی نے او پی ڈی،مختلف وارڈز، ایم آر آئی،سی ٹی سکین رومز اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا اور وہاں موجود ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کو دکھی انسانیت کی بھرپور خدمت کی تلقین کی۔
انہوں نے کہاکہ ایف سی ہسپتال کو اتنی جلد فنکشنل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، تربت میں علاج معالجے کی جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال اشد ضروری تھا۔ تربت کی مقامی آبادی کو بھی علاج معالجے کی یہ بہترین سہولت میسر ہوگی۔وزیر داخلہ کو ہسپتال میں موجود طبی سہولتوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساوتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو فورس کی پیشہ وارانہ تربیت اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بھی بریفنگ دی۔محسن نقوی نے ایف سی بلوچستان کی پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے فتنہ الہندوستان سمیت تمام کالعدم دہشتگرد گروہوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر ایف سی بلوچستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
