محسن خان کو رینا رائے سے طلاق پر پچھتاوا کیوں نہیں؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محسن خان نے بھارتی اداکارہ رینا رائے سے اپنی پہلی شادی اور طلاق پر کسی پچھتاوے کا اظہار کرنے کی بجائے بتایا کہ انہیں اس سلسلے میں کوئی ندامت نہیں ہے۔

رینا رائے نے کیریئر کے عروج پر 1983 میں پاکستانی کرکٹر اور اداکار محسن خان سے پاکستان آ کر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں خفیہ طور پر شادی کی تھی اور وہ چند سال تک یہیں مقیم رہی تھیں۔

شادی کے بعد رینا رائے نے بالی وڈ میں کام چھوڑ دیا تھا، تاہم وہ بھارت آتی جاتی رہتی تھیں اور ان کے ہاں 1990 سے قبل ہی بیٹی کی پیدائش ہوگئی، بیٹی کی پیدائش کے چند سال بعد رینا رائے نے پاکستانی طرز زندگی کا سبب بنا کر محسن خان سے طلاق لی اور بعد ازاں انہوں نے اپنی بچی حاصل کرنے کے لیے طویل جدوجہد بھی کی اور پھر وہ اپنی بیٹی کو بھی ساتھ لے جانے میں کامیاب ہو گئیں۔

رینا رائے نے بیٹی کو بھارت لے جانے کے بعد ان کا نام ’جنت‘ سے تبدیل کر کے ’صنم رائے‘ رکھا جو اب وہیں بھارت میں ہی رہتی ہیں، محسن خان نے ماضی میں کبھی رینا رائے سے شادی اور طلاق پر کھل کر بات نہیں کی، تاہم حال ہی میں انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں اس پر بات کی اور بتایا کہ کس طرح ان کی شادی ہوئی۔

’جی ٹی وی‘ کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے محسن خان نے واضح کیا کہ انہیں اس بات پر کوئی افسوس نہیں کہ انہوں نے ایک بھارتی خاتون سے شادی کی تھی۔سابق کرکٹر اور اداکار کے مطابق انہوں نے شادی کرتے وقت یہ سوچا ہی نہیں تھا کہ وہ کن سے شادی کر رہے ہیں اور ان کا تعلق کہاں سے ہے؟

اداکار کے مطابق ایک انسان سے شادی کی تھی جو کہ بہت ہی اچھا انسان تھا، اس لیے انہیں کوئی افسوس نہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ انہوں نے خوبصورتی دیکھ کر رینا رائے سے شادی کی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ خوبصورتی پر پھسلنے والے نہیں ہیں۔

سابق کرکٹر اور اداکار نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شادی سے پہلے کبھی رینا رائے کی کوئی فلم نہیں دیکھی تھی اور یہ کہ انہیں اس وقت فلمیں دیکھنے کا شوق بھی نہیں تھا۔ ان کے مطابق وہ اس وقت بھی صرف کبھی کبھار امیتابھ بچن کی فلم کی جھلک دیکھ لیا کرتے تھے۔

انہوں نے طلاق کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی سے پہلے ہی یہ طے کرلیا تھا کہ انہیں پاکستان میں ہی رہنا ہے، اس لیے انہوں نے کسی دوسرے ملک جانے کا سوچا ہی نہیں۔ان کے مطابق اس وقت پاکستان بہت تیزی سے ترقی کر رہا تھا اور رینا رائے کا بھی یہی خیال تھا کہ ہمیں پاکستان میں ہی رہنا چاہئیے۔

محسن خان نے پروگرام میں طلاق کے معاملے پر کھل کر بات نہیں کی اور طلاق ہونے کے اسباب نہیں بتائے۔ان سے قبل جنوری 2023 میں رینا رائے نے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ شادی کو بچانے کے لیے محسن خان نے انہیں پاکستان کے بجائے لندن منتقل ہونے کا بھی کہا لیکن ان کا دل نہیں مانا اور ان کی طلاق ہوگئی۔

رینا رائے کا کہنا تھا کہ وہ خود محسن خان کے لائف اینڈ اسٹائل میں ایڈجسٹ نہ ہوسکیں، جس وجہ سے انہیں طلاق لینی پڑی۔رینا رائے نے اعتراف کیا تھا کہ محسن خان اچھی شخصیت اور بہترین دل کے مالک ہیں، وہ طلاق ہوجانے کے کئی سال بعد بھی اپنی بیٹی سے مسلسل رابطے میں ہیں

چیف جسٹس سمیت تین ججز کیخلاف ریفرنس زیر غور ہے

Back to top button