گلوکار عاصم اظہر اداکاری کے میدان میں قسمت آزمائی کرینگے

اپنی آواز کا جادو بکھیرنے والے گلوکار عاصم اظہر بہت جلد ڈرامہ سیریل "فیملی بزنس” میں اداکاری کرتے دکھائی دیں گے، عاصم اظہر چوتھے گلوکار ہیں جوکہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔
ڈرامہ سیریل "فیملی بزنس” کو رواں برس رمضان کے دوران نشر کیا جائے گا، گلوکار عاصم اظہر پہلی بار مرکزی ادا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ڈرامے کے ہدایت کار معروف میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ نے انسٹا گرام پر نئے ڈرامے کا ٹریلر جاری کیا، ڈرامے میں عاصم اظہر کے علاوہ سینئر اداکار سیف حسن اور سلمیٰ حسن بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔
ڈرامے کی کہانی ایک فیملی کی ہے جو نیا کاروبار شروع کرنے کی کوشش میں رہتی ہے۔ ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ عاصم اظہر کے والد کا کردار ادا کرنے والے اداکار سیف حسن ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں اور وہ مستقل میں اپنی فیملی کے مالی اخراجات کے بارے میں فکر مند ہیں۔
ٹریلر میں دکھایا گیا کہ عاصم اظہر ایک ٹیکنالوجی ایپ بنانا چاہتے ہیں جس کے ذریعے لوگ تازہ سبزی گھر بیٹھے آرڈر کرسکتے ہیں، علی اور باسط کے تحریر کردہ اس ڈرامے میں ماہ نور حیدر، بشریٰ حبیب اور حسین محسن بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ گلوکار عاصم اظہر نے اس سے قبل ڈراما صنفِ آہن کی چند اقساط میں سجل علی کے ساتھ اداکاری کی تھی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عاصم اظہردو سال کے عرصے میں چوتھے گلوکار ہیں جو اداکاری کے میدان میں قسمت آزما رہے ہیں، ان سے قبل حدیقہ کیانی نے ’رقیب سے‘ ڈیبیو کیا جو بے حد مقبول ہوا جبکہ اذان سمیع ’عشقِ لا‘ اور عاطف اسلم ’سنگِ ماہ‘ میں ڈیبیو کیا جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا۔
عاصم اظہر پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجواب گلوکار ہیں، جنھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز یوٹیوب پر بطور گلوکار کیا، وہ کوک اسٹوڈیو 9 میں ریکارڈ کیے گئے اپنے گانوں کی وجہ سے مشہور ہوئے، ان کے مشہور گانوں میں ’تو جو نہ ملا‘ ، ’حبیبی‘، ’تیرا وہ پیار‘، ’تیریاں‘ شامل ہے۔
