علی ظفر کی مداحوں کو پی ایس ایل کا ترانہ گانے کی پیشکش 

معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل 8 کے ترانے پر عوام کی جانب سے ناپسندیدگی کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل 8 ایڈین کے لیے نیا ترانا گانے کی پیشکش کر دی ہے۔پی ایس ایل کے مشہور ترانے ’سیٹی بجے گی اسٹیج سجے گا‘ کے گلوکار علی ظفر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں پی ایس ایل 8 کے ترانے پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

علی ظفر سے سوال کیا گیا کہ ہر پی ایس ایل ترانے کے بعد لوگ علی ظفر کو کیوں یاد کرتےہیں؟ جس کے جواب میں گلوکار کا کہنا تھا کہ یہ لوگوں کا پیار ہے، پی ایس ایل 8 کا ترانہ ابھی ریلیز ہی ہوا ہے، ہمیں اسے کچھ وقت دینا چاہئے۔علی ظفر نے پی ایس ایل 8 کے ترانے کے گلوکاروں عاصم اظہر، شے گل اور فارس شفی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ان تینوں کے مداح ہیں وہ جو بھی چیز کرتے ہیں اچھی ہوتی ہے۔

پی ایس ایل 8 کے ترانے کے بارے میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابھی تک اسے باقاعدہ طور پر سُنا نہیں ہے مگر انہیں اُمید ہے کہ اچھا ہی ہوگا،ساتھ ہی علی ظفر نے عوام کی محبت اور ترانے کیلئے ان کی خواہش پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر عوام کو پی ایس ایل کا ترانہ اچھا نہیں لگا تو بھائی حاضر ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے آٹھویں سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور اس مرتبہ سپر لیگ کا آفیشل ترانہ پسوڑی گرل شے گل، عاصم اظہر اور فارس شفی نے گایا ہے جو مداحوں کو خاص متاثر نہیں کر سکا تاہم مداح اب بھی علی ظفر کے گائے ہوئے ترانے کو پسند کرتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button