عوام کو پینے کا صاف پانی گھر گھر پہنچا کر دم لیں گے،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکاکہناہے کہ پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی گھر گھر پہنچا کر دم لیں گے۔ پنجاب بھر میں جہاں لوگ کندھے پر رکھ کر پانی لانے پر مجبور ہیں، وہی علاقے ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مسلسل پانچواں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں متعلقہ حکام اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں چکوال، راولپنڈی، راجن پور، فیصل آباد، مری اور اٹک کے اضلاع میں واٹر سپلائی پائپ لائن پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے مجوزہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنرز نے متعلقہ علاقوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آبادی کے مطابق پانی کی ضرورت کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے اور اس کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں جہاں لوگ کندھے پر رکھ کر پانی لانے پر مجبور ہیں، وہ علاقے ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے راجن پور میں فوری طور پر 21 باؤزر مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ مری میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینک مہیا کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز شریف نے روجھان میں بیوٹیفکیشن اور دیگر پراجیکٹس لانے کی ہدایت کرتے ہوئے مری میں نئے واٹر سورس پر کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی پہنچانے کا عزم غیر متزلزل ہے۔ پورے پنجاب میں پانی کی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہوں، کیونکہ عوام کی خدمت میرا فرض ہے۔
