کے پی حکومت نے دہشتگردی کے خلاف ساتھ نہ دیا تو شاید ایمرجنسی یا گورنر راج لگے: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہر دوسرے دن دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں، پی ٹی آئی لانگ مارچ ختم کرکے سیاسی حل نکالے

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی قیادت کو دہشتگردی کے خلاف ریاست کی مدد نہ کرنے پر خبردار کردیا۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے دہشتگردی کے خلاف وفاق کا ساتھ نہیں دیا تو شاید خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی طرف جانا پڑے۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہر دوسرے دن دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں اور پی ٹی آئی کی توجہ سیاست پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگا کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا پڑے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج بڑی حد تک کامیاب ہوچکا ہے اور اسلام آباد 10 دن سے بند پڑا ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ اب پی ٹی آئی لانگ مارچ ختم کرکے معاملے کا سیاسی حل نکالے اور سیاسی بحران کو قومی مفاد سے الگ رکھے۔

Back to top button