ایمرجنسی لگتی ہے تو پی ٹی آئی کیلئے میں اکیلا ہی کافی ہوں: گورنر کے پی

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبہ بچانے کیلئے اگر ایمرجنسی لگانا پڑی تو ضرور لگائیں گے، پی ٹی آئی کا لانگ مارچ صوابی کراس کرکے دکھائے

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی صورتحال ایسی ہوجائے تو صدر، وزیراعظم اور دیگر ادارے سمجھیں تو ایمرجنسی لگانے کی گنجائش ہوتی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبہ بچانے کے لیے اگر ایمرجنسی لگانا پڑی تو ضرور لگائیں گے، اگر ایمرجنسی وغیرہ لگ جاتی ہے تو پی ٹی آئی کے لیے میں اکیلا ہی کافی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی یہ لوگ چھپ رہے ہیں اور گرفتاریاں دے رہے ہیں، میں ان کی طرح بھڑکیں نہیں مارتا، جب میدان لگے گا تو پھر میں ان کو دیکھ لوں گا۔

فیصل کریم کنڈی نے سوال کیا کہ لانگ مارچ ہورہا ہے؟ کیا پشاور میں کچھ ہورہا ہے؟ کوئی کارنر میٹنگ ہوئی، کوئی بینر دیکھا؟ لانگ مارچ میں ہم نے صرف خود ساختہ گرفتاریاں اور روپوشیاں دیکھی ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یہ صوابی کراس کرکے تو دکھائیں، ان کے پاس کوئی پلاننگ نہیں ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ مہینہ ایک مہینہ لگ جائے لیکن صوابی نہ آئے۔

Back to top button